آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا گیس کے نرخ بڑھانے کے خلاف 30مارچ بروز پیر سے سوئی سدرن کمپنی کے صدر دفتر کے سامنے احتجاج کا اعلان

جمعرات 19 مارچ 2015 23:35

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے سندھ میں گیس بندش کے دورانیئے میں اضافے اور یکم اپریل سے ممکنہ طور پر گیس کے نرخ بڑھانے کے خلاف 30مارچ بروز پیر سے سوئی سدرن کمپنی کے صدر دفتر کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون کے چیئرمین شبیر سلیمان جی،آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے چیئرمین ارشاد بخاری اور کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل کے چیئرمین شکیل بیگ نے کہا کہ سوئی سدرن کمپنی نے 15نومبر کو مذاکرات کے بعد سندھ بھر میں موسم سرما کے دوران ہفتے میں دو روز کیلئے سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا وعدہ کیا تھا،تاہم چار ماہ گذرنے کے باوجود سوئی سدرن کمپنی حکام نے اپنے وعدے پر عملدرآمد نہیں کیا اور صوبے بھر میں ہفتے میں تین روز کیلئے سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی معطل کی جارہی ہے اور حد تو یہ ہے کہ اب گیس بندش کو ہفتے میں چار روز تک بھی لے جایا گیا ہے جو کہ سراسر ذیادتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رہنماوٴں نے حکومت کو پانچ نکاتی چارٹرڈ آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا جس میں گیس بندش کے دورانیئے میں کمی،گیس کی فراہمی کیلئے سی این جی سیکٹر کو ترجیحی فہرست میں اوپر لانے،بعض شعبے میں سی این جی کمپریسر کا استعمال روکنے،سائٹ کے علاقے میں سی این جی اسٹیشنز کیلئے گیس کی علیحدہ لائن کی فراہمی اور یکم اپریل سے گیس کے نرخوں میں ممکنہ طور پر ہونے والے اضافے کو روکنے کے مطالبات کئے گئے ہیں۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ، سندھ سی این جی ایسوسی ایشن اور کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل نے حکومت کو چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر دس روز میں عملدرآمد کی مہلت دی ہے اور عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں پیر30مارچ کو سوئی سدرن کمپنی کے صدر دفتر کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا ہے جس میں مزید لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائیگا۔