صولت مرزا کے انکشافات، سندھ کی مختلف جیل میں تعینات افسران و اہلکاروں کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ شروع،

سکیورٹی کو مزید سخت کرنے اور جیلوں میں موجود اہم ملزمان کے رابطوں کو توڑنے کیلئے حکمت عملی کا تعین کرلیا گیا ،عملے کی تبدیلی پر بھی غور

جمعرات 19 مارچ 2015 23:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) سزائے موت کے قیدی صولت مرزا کے حالیہ انکشافات کے بعد اہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سندھ کی مختلف جیل میں تعینات افسران و اہلکاروں کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ شروع کردی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اہم ادارے اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ کراچی سمیت دیگر جیلوں میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ملزمان اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کو کون کون سے افسران اور اہلکار مبینہ طور پر رابطے اور دیگر سہولیات فراہم کرتے ہیں اور اس بات کی بھی نگرانی کی جارہی ہے کہ اہم قیدیوں سے ملاقات کے لیے جیل میں کون کون سے افراد آتے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق سندھ کی جیلوں میں سکیورٹی کو مزید سخت کرنے اور جیلوں میں موجود اہم ملزمان کے رابطوں کو توڑنے کے لیے حکمت عملی کا تعین کرلیا گیا ہے اور جو افسران یا اہلکار قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی میں ملوث ہیں ان کی نشاندہی کے بعد ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی اور دیگر جیلوں کے عملے کی تبدیلی پر بھی غورکیا جارہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :