متحدہ رابطہ کمیٹی نے گرفتار کارکنان کی تفصیلات جاری کردی، چھاپوں کی مذمت

جمعرات 19 مارچ 2015 20:43

متحدہ رابطہ کمیٹی نے گرفتار کارکنان کی تفصیلات جاری کردی، چھاپوں کی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء)ایم کیو ایم نے گرفتار کارکنوں کی تفصیلات جاری کردی، رابطہ کمیٹی نے کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم، وزیر داخلہ، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کارکنان و ذمہ داران کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹے مقدمات میں ملوث کرکے کارکنوں اور ذمہ داروں کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔

اپنے اعلامیے میں رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نیو کراچی سیکٹر کے انچارج علی رضا ولد شمیم رضا کو گلستان جوہر میں واقع ان کی عارضی رہائشگاہ پر چھاپہ مار کر بلاجواز گرفتار کیا گیا، ایسی کارروائیوں سے کارکنان کو حق پرستی کی جدوجہد سے باز نہیں رکھا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم نے گرفتار کارکنان، ذمہ داران و ہمدردوں کی تفصیلات بھی جاری کردیں، ناظم آباد گلبہار سیکٹر کے جوائنٹ انچارج حسن حیدر، برنس روڈ سیکٹر کے سہیل کھوکھر، عمران الدین، اورنگی ٹاوٴن کے نبی حسن عرف جہانگیر، آصف علی اور شاہد، قصبہ علی گڑھ سیکٹر کے کارکن محمد قاسم، محمد ناصر، ارسلان، عبدالمعید، رنچھوڑ لائن کے رضوان، نارتھ کراچی کے کلیم وحید، لائنز ایریا کے باقر رضا، پی آئی بی کے رضوان خان، نیو کراچی سیکٹر کے انچارج علی رضا، شہزاد خان اور سلمان خان بھی گرفتار افراد میں شامل ہیں۔

اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ذمہ داران و کارکنان کو بلاجواز گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور مختلف جرائم کے اقبالی بیانات دینے پر مجبور کیا جارہا ہے، انسانی حقوق سمیت ایم کیو ایم کے جمہوری اور سیاسی حقوق بری طرح سے پامال کئے جارہے جو قابل مذمت ہے۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کارکنوں و ذمہ داران کی بلاجواز گرفتاریوں کا نوٹس لیا جائے، سیاسی، آئینی، قانونی اور انسانی حقوق کو تحفظ فراہم کرکے تمام گرفتار شدگان کو فی الفور رہا کیا جائے