کوئٹہ، آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کی تعارفی میٹنگ کا انعقاد ،

انجینئر عبدالکریم ساجدی کو بطور سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن سینٹرل سرکل تعیناتی پر مبارکباد پیش

جمعرات 19 مارچ 2015 19:24

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین(سی بی اے) بلوچستان آپریشن سینٹرل سرکل کے زونل چیئرمین حاجی پائند خان کرد کی زیر صدارت ایک تعارفی میٹنگ کا انعقاد کیا گیامیٹنگ میں زونل ڈپٹی چیئرمین حافظ عصمت اللہ، وائس چیئرمین عبداللہ، سیکریٹری شاہجہان اور جوائنٹ سیکریٹری حاجی سلیم ناصر سمیت دیگر کارکنوں نے شرکت کی اور آپریشن سینٹرل سرکل کے نئے تعینات ہونے والے سپرنٹنڈنگ انجینئر عبدالکریم ساجدی سے ملاقات کی میٹنگ کے دوران انجینئر عبدالکریم ساجدی کو بطور سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن سینٹرل سرکل تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوش آمدید کہا گیا اور سینٹرل سرکل کے محنت کشوں کو درپیش مسائل اسٹاف کی کمی،پروموشن و اپ گریڈیشن، ٹرانسفر، پوسٹنگ، ریکوری اہداف حاصل کرنے میں حائل رکاوٹیں،سب ڈویژنز میں گاڑیوں کی کمی اوردفتری امورمیں درپیش مشکلات سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیاگیااس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئر عبدالکریم ساجدی نے محنت کشوں کے مسائل غور سے سنے اوربعض مسائل پربروقت احکامات جاری کرتے ہوئے یقین دلایا کہ محنت کشوں کے زیر التواء تمام مسائل دستیاب وسائل میں جلد سے جلد حل کیے جائیں گے انہوں نے کارکنوں کو تلقین کی کہ وہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو کی ہدایت کے مطابق ریکوری اہداف حاصل کرنے اور صارفین کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرنے میں اپنا مثبت کردار اداکریں ہم سب کو مل کر بجلی چوری کی روک تھام کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا بجلی چوری اور غیر قانونی کنکشنز کی کسی کوقطعاً اجازت نہیں دی جائے گی کیسکو انتظامیہ کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ بروقت بل ادا کرنے والے صارفین کو اچھی سروس فراہم کرے انہوں نے کہا کہ اس وقت کیسکو ادارہ سخت مالی بحران کا شکار ہے سرکاری ، زرعی اور گھریلو صارفین پر کیسکو کے اربوں روپے واجب الادا ہیں اس مالی خسارے کی وجہ سے ادارے کی تعمیر و ترقی اور صارفین کی خدمات متاثر ہو رہی ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ سرکاری و زرعی صارفین پر کیسکو کے واجب الادا اربوں روپے کی ادائیگی کا جلد سے جلد بندوبست کرے تاکہ ادارے کو مالی خسارے سے نکال کرصارفین کو مزید بہتر سروسزفراہم کی جاسکیں انہوں نے سی بی اے یونین کے عہدیداروں سے کہا کہ جہاں تک ڈویژنز اور سب ڈویژنز سطح پر گاڑیوں کی مرمت اور خستہ حالی کا مسئلہ ہے اس کا فوری نوٹس لیا جائے گا متعلقہ ایکسین اور ایس ڈی اوز کی ذمہ داری ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر گاڑیوں کی جانچ پڑتال کروائیں گاڑیوں کی خستہ حالی اور مرمت نہ کروانا کام میں رکاوٹ کا باعث ہے انہوں نے کہا کہ کارکن ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی جان کی حفاظت انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے لائن اسٹاف کو چاہیے کہ وہ سیفٹی کوڈ پر سختی سے عملدرآمد کریں سیفٹی کوڈ پر عمل نہ کرنے سے ہمارے کئی قیمتی کارکن جان کی بازی ہار چکے ہیں اور متعدد زخمی اور بعض عمر بھر کیلئے معذور ہو چکے ہیں سیفٹی انسپکٹر کو پابند کیا جائے کہ وہ ڈیوٹی پر جانے سے پہلے لائن اسٹاف سے سیفٹی پیریڈ کروائیں تاکہ کارکنوں کو حادثات سے محفوظ بنایا جاسکے انہوں نے یقین دلایا کہ ڈویژنز اور سب ڈویژنز سطح پر معیاری پی پی ای اور ٹی اینڈ پی کی کمی کو دور کیا جائے گاانہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ حقوق کے ساتھ ساتھ اپنے فرائض کو محنت و ایمانداری سے ادا کریں یونین کے عہدیداروں نے سپرنٹنڈنگ انجینئر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی بی اے یونین اور کیسکو انتظامیہ کے باہمی تعاون کے نتیجے میں ادارے میں صنعتی امن برقرار ہے یہی وجہ ہے کہ سی بی اے یونین کیسکو انتظامیہ کے ساتھ مل کر ادارے کی تعمیروترقی اور صارفین کی بہتر سے بہتر خدمات کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے۔