حکومت کی ناخواندگی کے خاتمہ میں دیدہ دلیر غیر حاضرٹیچرزبڑی رکاوٹ بن گئے عوامی بیان

جمعرات 19 مارچ 2015 17:49

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) مفت کی تنخواہ خوری کا لُطف کچھ اور ہی ۔حکومت کی ناخواندگی کے خاتمہ میں دیدہ دلیر غیر حاضرٹیچرزبڑی رکاوٹ بن گئے۔ خضدار ضلع میں اب بھی ٹیچرز کی کثیر تعداداپنے تعلیمی اداروں کا رخ نہیں کررہے ہیں ۔بچوں کے داخلہ مہم کی طرح ٹیچرز حاضری مہم کا بھی آغاز کرنا ہوگا تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت ناخواندگی اور پڑھا لکھا بلوچستان کی پالیسی کو موثر بنانے کے لئے خصوصی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔

لیکن دوسری جانب برسوں سے اسکول نہیں جانے والے اساتذہ کو تعلیمی سال کے آغاز پر اپنے اسکول جانے کی تاحال بھی عادت نہیں پڑی ہے ۔ دیہی اور قصبوں کے اسکولز تواپنی جگہ خضدار سٹی کے ایسے بیشتراسکولز ہیں کہ ان کے اساتذہ دن بھر خضدار کی دکانوں اور ہوٹلز پروقت گزار تے نظر آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

بعض اساتذہ تو دن بھر اپنی گاڑیوں میں خضدار شہر کی سڑکوں پر گشت کرتے نظرآتے ہیں لیکن انہیں آدھے گھنٹے کی کلاس لینے کی توفیق نہیں ہوتی ہے۔

خضدار کے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ ان اساتذہ کو ان کے اسکولز میں پورا وقت گزار نے اور انہیں کلاس لینے کے لئے خصوصی ترغیب اور تاکید کے لئے جامعہ پلان بنانے ہوگی ۔ اور بچوں کے داخلہ مہم کے ساتھ ایک مہم ان غیر حاضر ٹیچرز کی اسکولز میں حاضری کے لئے بھی مہم کا آغاز کرنا ہوگا ۔تاکہ بچوں کا تعلیمی سال ضائع نہ ہو اپنے اسکولز سے کئی سالوں سے بپھرے ٹیچرز پابندی کے ساتھ اسکولز جاسکیں ۔