کرکٹ ورلڈکپ،بھارت بنگلہ دیش کو109رنزسے شکست دیکرسیمی فائنل میں پہنچ گیا

جمعرات 19 مارچ 2015 17:28

میلبور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) آئی سی سی ورلڈکپ کے دوسرے کوارٹرفائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو109رنزسے شکست دیکرسیمی فائنل میں جگہ بنالی،303رنزکے پہاڑجیسے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم45اوورزمیں193رنزبناکرآؤٹ ہوگئی،روہت شرما کی 137رنزکی شانداراننگز،سریش رائناکی ففٹی،امیش یادوکی چاروکٹیں۔جمعرات کومیلبورن کرکٹ گراوٴنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے، اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 75 رنز کی شراکت قائم کرکے مضبوط بنیاد رکھی، شیکھر دھون 30 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے جب کہ ویرات کوہلی بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 3 رنز بنا کر روبیل حسین کا شکار بنے،انجکیا ریحانے 19 کے انفرادی اسکور پر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

تین وکٹیں گرنے کے بعد روہت شرما اورسریش رائنانے چوتھی وکٹ کے لیے 122 رنز کی اہم شراکت قائم کی سریش رائنا نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ روہت شرما نے 126 گیندوں پر 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔روہت شرما نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی ساتویں سنچری بنائی اور وہ 137 رنز کی اننگز کھیل کر تسکین احمد کی وکٹ بنے۔

کپتان مہندرا سنگھ دھونی 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے، روندرا جدیجا 23 اور روی چندرن اشون 3 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مشرفی مرتضیٰ، روبیل حسین اور شکیب الحسن کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔303رنزکے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے ٹیم کو 33 رنز کا آغاز دیا دونوں اوپنر تمیم اقبال اور امر القیس یکے بعد دیگرے آوٴٹ ہوگئے۔

تمیم کو امیش یادو نے کیچ کروایا جبکہ امر القیس رن آوٴٹ ہوئے۔تیسری وکٹ کے لیے سومیا اور محمود اللہ نے 40 رنز بنائے اور اس شراکت کا خاتمہ محمد شامی نے سومیا کو آوٴٹ کر کے کیا۔ شامی نے ہی محمود اللہ کو بھی پویلین کی راہ دکھلائی۔شکیب الحسن دس رنز بنا سکے اور جدیجہ کی گیند پر آوٴٹ ہوئے۔ مشفق الرحیم کو آوٴٹ کر کے امیش یادو نے اپنی دوسری وکٹ لی۔

بنگلہ دیش کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں کوئی کھلاڑی وکٹ پرزیادہ دیرنہ ٹھہرسکا189کے مجموعی سکورپرناصرحسین،192پرمشرفی مرتضی،193پرہی آخری د وکھلاڑی پویلین لوٹ گئے بنگلہ دیش کی جانب سے ناصرحسین35سکوربناکرٹاپ اسکوررہے۔بھارت کی طرف سے امیش یادونے چار،محمدشامی،جدیجانے دو،دوجبکہ موہت شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔بھارت کی جانب سے روہت شرما کو137رنزکی شانداراننگزکھیلنے پرمین آف دی میچ قراردیاگیا۔

متعلقہ عنوان :