صولت مرزا کے بیانات کے بعد فوری طور پر ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شامل نہیں کیا جارہا ، آصف زرادری نے اس حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرلیا ہے ، متحدہ کو کو حکومت میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا ، پیپلز پارٹی کی حکومت نے صولت مرزا سمیت کسی مجرم کو جیل میں کوئی سہولت نہیں دی

پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹرڈاکٹر قیوم سومرو کی جے یو آئی (ف) کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمن کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 19 مارچ 2015 17:18

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء ) پیپلز پارٹی کے سینٹر و سابق صدر آصف زرداری کے ایڈوائیزر ڈاکٹر قیوم سومرو نے کہا ہے کہ صولت مرزا کے بیانات کے بعد ہم فوری طور پر سندھ حکومت میں ایم کیو ایم کو شامل نہیں کر رہے البتہ زرادری نے اس کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس بلا لیا ہے جس میں ایم کیو ایم کو حکومت میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کی حکومت نے صولت مرزا سمیت کسی مجرم کو جیل میں کوئی سہولت نہیں دی۔جیل میں قیدی حکومت کا نہیں عدالت کی امانت ہوتا ہے۔ کسی نے جیل میں دوستیاں بنا کر کوئی سہولت لی ہو تو یہ اور بات ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں جے یو آئی ف کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمان کے ہمراہ جامعہ مدنیہ پر آمد کے بعد صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر قیوم سومرو نے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر 10سال جیل میں رہنے کا تجربہ ہے۔

جیل میں کوئی حکومت کسی کو کوئی سہولت نہیں دے سکتی کیوں کہ جیل میں آدمی عدالت کی امانت ہوتا ہے پیپلز پارٹی نے صولت مرزا سمیت کسی کو بھی جیل میں جیل مینوئل سے ہٹ کر سہولت نہیں دی البتہ کسی نے ذاتی دوستی بنا کر سہولت لے لی ہو تو یہ الگ بات ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ جے یو آئی ف کے سینٹر کے ساتھ کس مشن پر ہیں تو انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی مشن قطعاً نہیں ہم دونوں نے ملتان میں ایک ہی ڈاکٹر کو چیک کروایا محض اتفاق ہے کہ ہم دونوں اکھٹے سفر کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو بہت جلد پاکستان آ رہے ہیں انہوں نے منظور وٹو کی جانب سے بلاول کی4اپریل سے قبل پاکستان آمد کو کنفرم نہیں کیا۔