9 ویں فنانس کمیشن کی تشکیل ، اسحاق ڈار نے سندھ سے رکن کی نامزدگی کیلئے وزیر اعلی قائم علی شاہ کو یاددہانی کا خط لکھ دیا

جمعرات 19 مارچ 2015 17:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے 9 ویں قومی فنانس کمیشن کی تشکیل کی غرض سے رکن کی نامزدگی کیلئے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ سندھ کو یاددہانی کا خط لکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے نام لکھے گئے خط میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے قبل ازیں اس حوالے سے 21 نومبر 2014 ، 7 جنوری2015 اور 27 فروری 2015 کو لکھے گئے خطوط کا بھی حوالہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے صوبوں کی طرف سے 9 ویں قومی مالیاتی کمیشن کیلئے نامزد ارکان کے نام موصول ہو چکے ہیں ۔ وزیر خزانہ نے خط میں کہا ہے کہ ا گر سندھ سے رکن کی نامزدگی جلد موصول ہو جائے تو مقررہ تاریخ کے اندر نیشنل فنانس کمیشن کی تشکیل ممکن ہو سکے گی۔ ذرائع کے مطابق رکن کی نامزدگی کیلئے وزیر خزانہ کی جانب سے سندھ کے وزیر اعلیٰ کے نام لکھا گیا یہ چوتھا خط ہے ۔