عالمی منڈیوں سے مقابلے کیلئے اپنی زراعت کو موسمی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالناہو گا‘ وزیر زراعت پنجاب

جمعرات 19 مارچ 2015 16:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے لاہور ایکسپو سینٹر میں دو روزہ بین الاقوامی زرعی نمائش 2015کا افتتاح کر دیا ہے۔اس موقع پر منعقدہ زرعی کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹر فرخ جاوید کا کہنا تھا کہ عالمی منڈیوں میں اپنا مقام بنانے کیلئے ہمیں اپنی زراعت کو تیزی سے رونما ہونے والی موسمی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔

کاشتکاروں کی پیداواری لاگت کو کم کر کے انکے منافع میں اضافہ ہمارا اصل مقصد ہے تاکہ کسان خوشحال ہو۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب گرین روڈپروگرام کے تحت کاشتکاروں کو منڈیوں اور شہروں تک آسان رسائی فراہم کرنے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کیلئے اس سال 15ارب روپے مختص کیے گئے جبکہ اگلے مالی سال میں اس منصوبے کیلئے 50ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ رواں سال ہم نے گندم، کپاس، چاول، گنے ، آلو اور مکئی میں اپنا پیداواری ہدف حاصل کیالیکن کسان کو اسکی فصل کی بہتر قیمت دینا ہمارا اصل ہدف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب جرمن ادارے کی خدمات حاصل کرتے ہوئے دو سالوں میں 20ہزار بائیو گیس ٹیوب ویل لگانے جارہی ہے جس کا پائلٹ پراجیکٹ قصور اور بہاولپور میں شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 5سالوں میں کل ایک لاکھ بائیو گیس ٹیوب ویل لگانا حکو ت کا ٹارگٹ ہے تاکہ کاشتکاروں کو قابل تجدید ، سستی اور ہمہ وقت دستیاب بجلی فراہم کی جا سکے۔نمائش کے افتتاح پر صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید کے ہمراہ لاہو رمیں امریکی کونسل جنرل زاچرے ہارکنرائڈر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندہ سید ثمر حسنین، فاطمہ گروپ کے سی ای اومحمدظہیر، ڈی جی زراعت توسیع ڈاکٹر انجم علی، ڈان گروپ کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ مسعود حامد اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔

وزیر زراعت نے افتتاح کے بعد نمائش میں مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور کسانوں کیلئے جدید مشینری بارے معلوماتی کورس متعارف کروانے کی تعریف کی۔ اس موقع پرمیڈیا کے نمائدوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فرخ جاوید کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کی حالت بہتر بناکر ہی زراعت کو ترقی دی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کسانوں کیلئے 22ارب روپے کی سبسڈی سے 10.35پیسے فلیٹ ریٹ پر بجلی فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 15نئی بی ٹی کاٹن ورائٹیز منظور کی ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ مکئی کا ہائبرڈ بیج مارکیٹ ریٹ سے 5ہزار روپے سستا متعارف کروایا جس کے فوائد جلد سامنے آئیں گے۔انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی نے سیڈ ایکٹ کی منظوری دے دی ہے اور اب پلانٹ بریڈرز ایکٹ بھی لائیں گے تاکہ کاشتکار کو مزید تحفظ دیا جا سکے۔سرسبز زرعی نمائش2015 میں چالیس سے زائد ملکی اور بین الاقوامی اداروں نے اپنے سٹالز لگائے ہیں جہاں کسانوں کو جدید طریقہ ہائے کاشتکاری اور زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔