رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ ،بینکوں نے 288.7 ارب روپے کے زرعی قرضے تقسیم کئے، سٹیٹ بینک

جمعرات 19 مارچ 2015 16:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ کے دوران بینکوں کی جانب سے288.7 ارب روپے کے زرعی قرضے تقسیم کئے گئے جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 32.3فیصد زائد ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ کے دوران سالانہ ہدف 500ارب روپے کے زرعی قرضوں سے 57.8فیصد جاری کر دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران 218.3ارب روپے جاری کیے تھے۔ پانچ بڑے بینکوں نے ایک گروپ کے طور پر 150.9ارب روپے تقسیم کیے ہیں جو سالانہ ہدف کا 59.8فیصد ہے جبکہ دو مخصوص بینکوں زیڈ ٹی بی ایل اور پی پی سی بی ایل نے بھی 51.5فیصد کے قرضے جاری کیے جو ان کے سالانہ ہدف 101.5ارب روپے کا 50.7فیصد ہیں۔ اس کے علاوہ 15 ملکی نجی بینکوں نے مجموعی طور پر 64.9ارب روپے تقسیم کیے۔ سات میکرو فنانس بینکوں نے 18.9ارب روپے جاری کیے جو ان کے سالانہ ہدف کا 67فیصد ہیں۔