صہیونی بلدیہ نے بیت المقدس میں عشروں پرانا اخبارات وکتاب مرکز مسمار کردیا، شہریوں کا اظہار افسوس، سخت مذمت

جمعرات 19 مارچ 2015 16:15

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) مقبوضہ بیت المقدس کی اسرائیلی بلدیہ نے شہر میں باب العامود کے مقام پرعشروں پرانا کتاب مرکز اور اخبارات کا سٹال مسمار کردیا۔ کتاب مرکز کی مسماری پر اہلیان بیت المقدس کو گہرا دکھ پہنچا ہے۔اطلاعات کے مطابق یہ بک سٹال فلسطینی شہری عمیر دعنا نے کئی عشرے قبل بنایا تھا۔ وہ 20 سال قبل فوت ہوگئے تھے تاہم اب یہ بک سٹال ان کے ایک دوسرے عزیز کے پاس تھا۔

عمیر دعنا المعروف ابو سلام نے 70 سال اس دکان سے بیت المقدس کے شہریوں کو اخبارات اور کتابیں فروخت کیں۔ یہاں تک کہ یہ کتاب اور اخبار گھرمقامی آبادی کی ایک لائبریری کا درجہ اختیار کرگیا تھا۔ شہری جوق درجوق علی الصباح اخبارات کے حصول کیلئے عمیر دعنا کی دکان کا رخ کرتے تھے۔

(جاری ہے)

مرحوم کے بیٹے مخبری نادر نے بتایا کہ ہمیں اپنے والد کی یادگار دکان کے مسمار کئے جانے کا سن کردکھ پہنچا۔

ہمارے والد بزرگوار نے اس دکان سے زندگی بھر اخبارات اور کتابوں کی فراہمی کے ذریعے لوگوں میں علم کی روشنی بانٹی اور صہیونی بلدیہ نے اسے بلڈوزروں کی مدد سے اسے منہدم کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ صہیونی بلدیہ کی جانب سے کتاب مرکز کو مسمار کیے جانے پربیت المقدس کے عوام کو گہرا دکھ پہنچا ہے۔ شہر کے اخباری حلقوں کی جانب سے صہیونی بلدیہ کے اس ظالمانہ اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔