ہمارا آئین و قانونی طریقہ کار سزائے موت کی اجازت دیتا ہے، سزائے موت سے متعلق بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کر رہے، یورپی یونین پاکستان کی پوزیشن سے اچھی طرح آگاہ ہے، ممبئی حملہ کیس کا ٹرائل قانون کے مطابق جاری ہے، تاخیر بھارت کی وجہ سے ہو رہی ہے، افغان حکومت اور طالبان کے مذاکرات کو خوش آمدید کہتے ہیں

ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعرات 19 مارچ 2015 16:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ ہمارا آئین و قانونی طریقہ کار سزائے موت کی اجازت دیتا ہے، سزائے موت سے متعلق بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کر رہے، یورپی یونین پاکستان کی پوزیشن سے اچھی طرح آگاہ ہے، ممبئی حملہ کیس کا ٹرائل قانون کے مطابق جاری ہے، تاخیر بھارت کی وجہ سے ہو رہی ہے، افغان حکومت اور طالبان کے مذاکرات کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

وہ جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دے رہی تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مفاہمتی عمل افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کیلئے ضروری ہے، افغان حکومت اور طالبان کے مذاکرات کو خوش آمدید کہتے ہیں، ممبئی حملہ کیس کا ٹرائل قانون کے مطابق جاری ہے اس میں تاخیر کی وجہ بھارت بن رہا ہے، چینی صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان سزائے موت سے متعلق بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کر رہا،ہمارا آئین و قانون سزائے موت کی اجازت دیتا ہے، یورپی یونین پاکستان کی پوزیشن سے اچھی طرح آگاہ ہے، سزائے موت سے پاکستان کے جی ایس پی سٹیٹس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ مہاجرین کی واپسی کیلئے افغان وفد پاکستان کا دورہ کر چکا ہے۔ الطاف حسین سے متعلق سوال پر انہوں نے جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کا معاملہ وزارت داخلہ کے پاس ہے، جواب جاننے کیلئے ان سے رجوع کیا جائے۔