قومی اسمبلی کے ہال میں دوران اجلاس جیمرز کے باوجود اراکین کے موبائل فونوں پر کالیں موصول ہونے کا انکشاف

جمعرات 19 مارچ 2015 16:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) قومی اسمبلی کے ہال میں دوران اجلاس جیمرز کے باوجود اراکین کے موبائل فونوں پر کالیں موصول ہونے کا انکشاف، مسلم لیگ(ن) کے رکن چوہدری نذیر کا فون بجنے پر سپیکر سردار ایاز صادق نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیمرز کہاں گئے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران انکشاف ہوا کہ قومی اسمبلی ہال میں نصب جیمرز ناکارہ ہو چکے ہیں جو ایم این ایز کے موبائل فونوں پر موصول ہونے والی کالوں کو روکنے میں ناکام ہیں۔

(جاری ہے)

وقفہ سوالات کے دوران مسلم لیگ(ن) کے رکن چوہدری نذیر جب ایک ضمنی سوال کر رہے تھے تو ان کے قریب رکھے موبال فون پر کال موصول ہونے کی وجہ سے مائیکرو فون شدید طور پر ڈسٹرب ہونے لگا، جس پر سپیکر سردار ایاز صادق بھی حیران رہ گئے ۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ موبائل فون کیوں چل رہا ہے، جیمرز کہاں گئے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی ہال میں لگے ہوئے جیمرز صرف ٹو جی کے سگنل روکنے کی استطاعت رکھتے ہیں جو اب تھری جی کے سگنل روکنے میں بے بس ہیں، جبکہ بار بار نشاندہی کے باوجود پارلیمنٹ ہاؤس کے جیمرز تبدیل کرنے پر توجہ نہیں دی گئی۔