ایم کیو ایم پورے ملک میں خود پر دہشتگرد ی کی چھاپ لگوا بیٹھی ہے ،کسی بھی سیاسی جماعت کے پاس اسلحہ نہیں ہونا چاہئیے، سابق صدر پرویز مشرف

جمعرات 19 مارچ 2015 16:11

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 19 مارچ 2015 ء) : سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ ملک میں تبدیلی سپریم کورٹ کی جانب سے2013 کے انتخابات کو کالعدم قرار دیکر عبوری حکومت قائم کرنے سے آ سکتی ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ ایم کیو ایم نے خود پر دہشت گردی کی چھاپ لگوا لی ہے ، ایم کیو ایم پر دہشت گردی کا تاثر پورے ملک میں تقویت حاصل کر گیا ہے،۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے پاس اسلحہ نہیں ہونا چاہیے ۔

ان کی جانب سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو بہت سمجھایا گیاتھا،ان کے دور میں ایم کیو ایم کا رویہ بہت بہتر تھا جبکہ آج کل متحدہ کی قیادت کنفیوژن کا شکار نظر آتی ہے ۔متحدہ کی قیادت کو سوچنا ہوگا کہ اس تاثر کو کیسے زائل کیا جا سکتا ہے۔ سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی چار چار بار اقتدار حاصل کر کے ملک کا بیڑا غرق کرچکے ہیں ، این آر او کے ذریعے بے نظیر اور آصف زرداری کے مقدمات ختم کرنا انکی سب سے بڑی غلطی تھی۔

(جاری ہے)

ملک کو بہتری کی جانب لے جانے کیلئے اب ایک نئی فورس کی ضرورت ہے ، عمران خان بھی تیسری سیاسی قوت کی بات کررہے ہیں مگر وہ اکیلے فیل ہو جائیں گے وہ پہلے بھی غلط فہمی میں رہے ہیں اور اب بھی ان کی سولو فلائٹ کی کامیابی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ ضرورت پاکستان کے وجود کے لئے ضروری ہے ، ملک کی سیاست میں ایک بڑا خلاءپیدا ہوا ہے جس کے باعث سیاست میں میرا بھی رول بنتا ہے جو ادا کرنا چاہتا ہوں ،مجھے کسی عہدے کی تمنا نہیں ہےپاکستان کو ٹھیک سے چلانے والا اگر کوئی آگے آئے گا تو اس کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہوں۔