یوحنا آباد سانحہ ‘زندہ جلائے جانے والے دونوں مقتولین کا تعلق کسی عسکریت پسند تنظیم سے نہیں تھا ‘ ایس ایس پی

جمعرات 19 مارچ 2015 13:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) لاہورکے علاقے یوحنا آباد میں گرجا گھروں پرہونے والے خود کش دھماکوں کے بعد مظاہرین کی جانب سے تشدد اورجلا کر ہلاک کیے جانے والے دونوں افراد کے بارے میں لاہور پولیس نے کہا ہے کہ دونوں مقتولین کا تعلق کسی عسکریت پسند تنظیم سے نہیں تھا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) انوسٹی گیشن رانا ایازسلیم نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق لاہور میں مظاہرین کی جانب سے تشدد اور جلا کر ہلاک کیے جانے والے دونوں افراد مزدور تھے۔

ایس ایس پی نے کہا کہ نعیم اور نعمان بابر کی شناخت کے لئے سائنسی طریقے سے مدد لی جارہی ہے اور پولیس ان کے ڈی این اے رپورٹ آنے کے منتظر ہیں تاہم ابتدائی تحقیقات میں دونوں کا تعلق کسی بھی عسکریت پسند تنظیم سے نہیں پایا گیا رانا ایاز سلیم نے کہاکہ پولیس نے دونوں افراد کو جلانے کے واقعے میں ملوث افراد کی تلاش کے لئے نادرا کوتصاویر بھجوادی ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت کی جاسکے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں ایس ایس پینے کہاکہ نشتر کالونی پولیس اسٹیشن میں درج ہونے والے 6 مقدمات میں نامزد کسی بھی شخص کواب تک گرفتار نہیں کیا جاسکا تاہم ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ایس ایس پی رانا ایاز نے کہاکہ مظاہرین کی جانب سے تشدد اور جلا کر ہلاک کیے جانے والے واقعے پر سرکار اور مقتول نعیم کے بھائی کی مدعیت میں ایک علیحدہ مقدمہ بھی درج کیا گیا -

متعلقہ عنوان :