اسلام آباد ٹریفک پولیس نے یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ کیلئے ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے متبادل روٹ جاری کر دیا

جمعرات 19 مارچ 2015 12:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 23مارچ کو یوم پاکستان پر پاک فوج کی پریڈ کے موقع پر اسلام آباد میں ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے متبادل روٹ جاری کر دیااور اس کے لئے عوام کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس نے جو پلان تیار کیا ہے اس کے تحت اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ 22مارچ رات بارہ بجے سے لے کر 23مارچ دن 12بجے تک بند ہوگا۔

لاہور سے آنے والی چھوٹی ٹریفک روات ٹی چوک سے راولپنڈی صدر روڈ سے ہوتی ہوئی پشاور جی ٹی روڈ اور موٹر وے پر جاسکے گی۔ ایئرپورٹ راولپنڈی سے آنے والی ٹریفک ایکسپریس وے سے ہوتی ہوئی کھنہ پل کے اوپر سے مڑتی ہوئی لہتراڑ روڈ استعمال کرے گی اور ترامڑی چوک سے بائیں طرف مڑتے ہوئے اور پارک روڈ سے ہوتی ہوئی راول ڈیم چوک سے مری روڈ استعمال کرکے جی سیکٹر کشمیر ہائی وے پر جاسکے گی جبکہ کشمیر چوک سے مڑ کر بہارہ کہو اور مری بھی ٹریفک جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ایئرپورٹ اور لاہور جانے والی ٹریفک نائنتھ ایونیو استعمال کرتے ہوئے مری روڈ سے راول روڈ استعمال کرکے ایئرپورٹ چوک دائیں ٹرن کرے گی۔ اسی طرح موٹر وے سے آنے والی ٹریفک کشمیر ہائی وے استعمال کرتے ہوئے آبپارہ‘ بہارہ کہو اور مری جاسکے گی جبکہ فیض آباد ہر قسم کی ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند رہے گا۔ ایکسپریس وے کھنہ پل سے لے کر فیض آباد تک بند رہے گی صرف خصوصی سکیورٹی کارڈ کے حامل افراد کو آگے آنے کی اجازت دی جائے گی۔ فیصل ایونیو زیرو پوائنٹ سے لے کر فیض آباد تک بند رہے گا یہاں سے بھی خصوصی سکیورٹی کارڈ رکھنے والوں کو جانے کی اجازت دی جائے گی جبکہ مری راول ڈیم چوک سے فیض آباد تک ہر قسم کی ٹریفک بند رہے گی۔