رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران بینکوں نے 288ارب 70کروڑ روپے کے زرعی قرضے جاری کئے ، زرعی ترقیاتی بینک 50فیصد زرعی قرضوں کے اجراء کے ساتھ پیچھے رہا، سٹیٹ بینک سے جاری نئے اعداد وشمار

بدھ 18 مارچ 2015 21:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2015ء) رواں مالی سال کے آٹھ ماہ(جولائی تا فروری) کے دوران بینکوں نے 500ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 288ارب 70کروڑ روپے کے زرعی قرضے جاری کئے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں زرعی قرضوں کے اجراء میں32فیصد اضافہ ہے، جبکہ زرعی ترقیاتی بینک 50فیصد زرعی قرضوں کے اجراء کے ساتھ دیگر سے حسب معمول پیچھے رہا۔

(جاری ہے)

بدھ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مالی سال2014-15کے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران پانچ بڑے بینکوں نے 150ارب 90کروڑ روپے کے یعنی سالانہ ہدف کے مقابلے میں 59.8فیصد زرعی قرضے جاری کئے جبکہ زرعی ترقیاتی بینک اور پی پی سی بی ایل نے 101.5ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں51.5ارب روپے کے یعنی 50.7فیصد جبکہ 15دومیسٹک نجی بینکوں 56.2فیصد یعنی64ارب 90کروڑ روپے کے 7مائیکرو فنانس بینکوں نے 67فیصد یعنی 18.9ارب روپے کے جبکہ چار اسلامی بینکوں نے ہدف سے زیادہ یعنی اڑھائی ارب روپے کے زرعی قرضے جاری کئے۔