دہشت گردوں کے ہیلتھ ورکرز پر بزدلانہ حملوں سے مرعوب نہیں ہوں گے ‘وزیر مملکت برائے صحت ، سائرہ افضل تارڑ

بدھ 18 مارچ 2015 19:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2015ء)وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم نبرد آزما ہے اور یہ جنگ ہم نے مل کر جیتنی ہے۔ دہشت گرد اس وقت بھاگنے پر مجبور ہیں اور یوحنا آباد اور پولیو ورکرز پر حملے جیسی بزدلانہ کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے مانسہر اور خیبر ایجنسی میں پولیو ورکرز پر ہونے والے حملے کی بھر پور الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کی آئندہ نسلوں کو بچانے کا کام جاری رہے گا اور اس سلسلے میں کوئی بھی بزدلانہ کاروائی ہمیں اپنے مشن سے نہیں روک سکتی اور عوام کو چاہیے کہ اس جنگ میں ہمارا بھر پور ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت اور انہیں اس مفلوج کر دینے والی بیماری سے تحفظ ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔

(جاری ہے)

ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک وطن عزیز کا کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم ہے۔ اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ میں جمعرات کے دن پولیو ورکرز کی سیکورٹی کے حوالے سے ایک میٹنگ بھی کر رہی ہوں جس میں ڈی جی نیشنل کرائسس منیجمنٹ سیل / فوکل پرسن پولیو سکیورٹی وزارت داخلہ بھی شریک ہوں گے۔