صوبائی حکومت عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے ، عوام اب حقیقی معنوں میں مثبت تبدیلی محسوس کریں گے ،ترقیاتی سکیموں میں تاخیر ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا

خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی کی نمائندہ وفدسے بات چیت

بدھ 18 مارچ 2015 17:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء )خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات و ضلع پشاور کے میگاکوآرڈینیٹروفوکل پرسن ضیاء اللہ آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے موئثر اقدامات اُٹھا رہی ہے ، عوام اب حقیقی معنوں میں مثبت تبدیلی محسوس کریں گے ۔ یہ بات آج اُنہوں نے اپنے دفتر پشاورکے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

وفد نے صوبائی وزیر کو صحت ، تعلیم ، ناجائز تجاوزات ، شاہراہوں کی تعمیر و مرمت ،نکاس اب ، پینے کی صاف پانی اور سٹریٹ لائٹس کی فراہمی سے متعلق اپنے مطالبات و شکایات پیش کئے ۔ صوبائی وزیر معدنیات نے اُن کے مطالبات و شکایات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں تمام اداروں کو مزید فعال اور مستحکم بنا رہی ہے جس سے عوام کے مسائل اُن کے دہلیز پر بروقت حل ہونگے ۔

(جاری ہے)

ضیاء اللہ آفریدی نے کہا کہ صوبے کے عوام اب باشعور ہے اور وہ کھوکھلے نعروں کی بجائے عملی کام پر یقین رکھتے ہیں مگر بدقسمتی سے گذشتہ ادوار میں عام آدمی کے مسائل کے حل کے لئے حکمرانوں نے کوئی مثبت قدم نہیں اُٹھایا ۔ اُنہوں نے کہا کہ اب کرپشن اور لوٹ مار کا دور ختم ہو چکا ہے ہمارا ملک وسائل سے مالا مال ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ وسائل سے استفادہ اُٹھایا جائے ۔

اُنہوں نے کہا کہ اب حقیقی معنوں میں عوامی فلاح و بہبود کے لئے عمل درآمد ہو گا اور بروقت تمام ترقیاتی سکیمیں مکمل کئے جائینگے اور ترقیاتی سکیموں میں تاخیر ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں صوبائی اسمبلی میں موئثر قانون سازی کی جارہی ہے ۔ عوام بہت جلد نمایاں تبدیلی محسوس کرینگے ۔ مثبت تبدیلی کا ویژن ہمارا ایجنڈا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام تحریک انصاف کے ویژن کو کامیاب بنانے میں حکومت کے ساتھ حت المقدور کوشش کریں۔اُنہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور صوبے کے عوام کے مسائل کو ترجیہی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔