محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کوکرپشن سے پاک کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں ، موجودہ صوبائی حکومت نے صو بے کو کرپشن ، رشوت ازم اور سفارش ازم سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے

خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکا خیل کا اجلاس سے خطاب

بدھ 18 مارچ 2015 17:41

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء ) خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کوکرپشن سے پاک کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں ۔، کیونکہ موجودہ صوبائی حکومت نے صو بے کو کرپشن ، رشوت ازم اور سفارش ازم سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، اور اس مقصد کے لئے محکمہ ہٰذا میں ترقیاں ،تبادلے اعلی کارکرگی اور اہلیت کی بنیاد پر کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے نوشہرہ میں ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مثبت پالیسوں اور صوبے میں موجودہ حکومت کی عملی اقدامات کی بدولت عوام واضح تبدیلی محسوس کررہے ہے۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر اجلاس کو بتایا کہ محکمہ ایکسائز میں مزید اصلاحات کے لئے عوامی تجاویز اور سفارشات کا خیر مقدم کیا جائے گا کیونکہ پی ٹی آئی فرسودہ سیاسی نظام کو مسترد کرتے ہوئے مثبت تبدیلی کی خواہ ہاں ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر موصوف نے کہا کہ سرکاری ملازمین عوام کو جواب دہ ہیں لہٰذا عوام سے حسن سلوک اورشائستہ رویہ رکھنا ان کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی کارکردگی مزید فعال بنانے کے لئے صوبائی حکومت صوبے میں تمام ملازمین کی اپ گریڈیشن کر رہی ہیں جس سے ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور وہ بدعنوانی اور کرپشن جیسے ناسور سے بچے رہیں گے ۔

اُنہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین پی ٹی آئی کی مقبولیت اور انقلابی اقدامات سے گھبرا گئے ہیں جس کا واضح ثبوت پارٹی میں عوام کی جوق درجوق شمولیت ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف اچھی شہریت کے حامل افراد کو ٹکٹ دے گی تاکہ منتخب ہو کر بہتر انداز میں قوم اور علاقے کی خدمت کر سکے اور ساتھ ہی وہ وراثت میں ملے ہوئے گند کو صاف کرنے کے جذبے سے سرشار ہو۔ کیونکہ غریب عوام کی مشکلات کا خاتمہ اور مسائل کا بروقت حل پی ٹی آئی کی سیاسی منزل ومقصود ہے ۔

متعلقہ عنوان :