ڈیرہ اسما عیل خان کی خواتین علاقہ میں قائم بنکوں سے فائدہ اٹھائیں، قرضوں کے حصول سے اپنے کاروبا ر میں بہتری لائیں اور خاندان کی خوشحالی میں اضافہ کریں

سٹیٹ بنک کے چیف منیجر اشتیاق احمد خان کاسیمینار سے خطاب

بدھ 18 مارچ 2015 17:40

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء)سٹیٹ بنک کے چیف منیجر اشتیاق احمد خان نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسما عیل خان کی خواتین علاقہ میں قائم بنکوں سے فائدہ اٹھائیں، قرضوں کے حصول سے اپنے کاروبا ر میں بہتری لائیں اور خاندان کی خوشحالی میں اضافہ کریں ان خیالات کااظہار انہوں نے میٹرو حبیب بنک کی جانب سے خواتین کی ترقی میں مالیاتی اداروں اور بنکوں کے کردار سے متعلق آگہی سیمینار سے خطاب کے دوران کیا، سیمینار سے ڈیرہ اسما عیل خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر جلیل خان مستی خیل، حبیب میٹرو بنک کے چیف منیجر احمد بخش بلوچ، خوشحالی بنک کے بینش خان، اسد علی، ڈیرہ چیمبر آف کا مرس اور ڈیرہ پریس کلب کے سابق صدر یا سین قریشی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسما عیل خان میں متعدد بنکوں سے خواتین نے کاروبار کے لیے قرضے حاصل کئے اور وہ ترقی کے ساتھ اپنے کاروبار کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ بنکوں کی قسطیں بھی باقائدگی سے ادا کررہی ہیں تاہم شہر میں خواتین کی تعداد کہیں زیادہ مگر قرضہ جات کے حصول میں ان کی شرح انتہائی کم ہے، انہوں نے کہا کہ ایک خاتون انتہائی کامیابی کے ساتھ اپنے خاندان کی کفالت کا فریضہ سرانجام دے سکتی ہے، ہماری خواتین باصلاحیت ہیں مگر سرمایہ کی کمی کے باعث وہ ترقی نہیں کرسکتیں ، انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک نے ڈیرہ میں تمام بنکوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ خواتین کو کاروباری قرضہ جات کی فراہمی میں خصوصی توجہ دیں اور آگہی سیمینارز کا اہتمام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے، ڈیرہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر جلیل خان مستی خیل نے کہا کہ ڈیرہ اسما عیل خان کی خواتین اور بنکوں کے درمیان ڈیرہ چیمبر رابطہ کا کردارا دا کرے گا، انہوں نے کہا کہ دستکاریوں اور دیگر علاقائی ہنر مند خواتین کی اگر بنک مالی مدد کریں تو اس سے علاقہ کے لیئے زیادہ فوائد کا حصول ممکن ہے ، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسما عیل خان کی خواتین کے لیئے آگہی پروگرام کے انعقاد پر سٹیٹ بنک کے چیف منیجر اشتیاق احمد خان اور حبیب میٹرو بنک کے چیف منجیر احمد بخش بلوچ کا کردات قابل ستائش ہے، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسما عیل خان چیمبر سٹیٹ بنک آف پاکستان سے تحریری مطالبہ کرے گا کہ ڈیرہ اسما عیل خان چونکہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقہ ہے لہذا یہاں بلاسو د قرضوں کی فراہمی کا خصوصی پیکج فراہم کیا جائے ، اور اگر یہ ممکن نہیں تو ڈیرہ اسما عیل خان کے لیے قرضہ جات پر بنک منافع کی شرح کو انتہائی کم کریں تاکہ یہاں کی مقامی آبادی زیادہ سے زیادہ معاشی ترقی کر سکے، اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے صدر اختر حسین قریشی ایڈوکیٹ کی جانب سے قرضہ جات کے حصول کی خواہشمند خواتین کو مفت قانونی مدد فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا، تقریب میں خواتین کی جانب سے قرضہ جات کے حصول میں درپیش دشواریوں کی بھی نشاندہی کی گئی، اس موقع پر سٹیٹ بنک کے چیف منیجر اشتیاق احمد خان نے سماجی کارکن رانیہ زیدی ا ور بینش کی نشاندہی پر ڈیرہ اسما عیل خان کے علاقہ وانڈا خان محمد کی 45خواتین کے گروپ کے لیئے خوشحالی بنک سے قرضہ کے حصول کے لیئے قانونی سقم پر خوشحالی بنک کے حکام کو معاملہ کا ہر ممکن حل نکالنے کی ہدایت جاری کی