تعلیم کا فروغ اولین ترجیح ہے ، تربیلا صوابی بجلی کی پاور ٹرانسمیشن لائین پر کام حتمی مرحلے میں ہے جلد اس کا افتتاح کر دیا جائے گا، گیس حکام سے مذاکرات کامیاب رہے ہیں ، صوابی میں 120 کنال پر محیط ایک جدید سپورٹس کمپلیکس قائم کیا جائے گا جس میں کرکٹ‘ فٹبال اور والی بال کیلئے علیحدہ علیحدہ گراؤنڈ تعمیر کئے جائیں گے

سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کا تقریب سے خطاب

بدھ 18 مارچ 2015 17:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء ) سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ان کی تمام تر توجہ اس پر مرکوز ہیں۔وہ اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہائیر سیکنڈری سکول بام خیل صوابی کے پرنسپل شیرین زادہ خدوخیل کو سکول کے بہتر نتائج دینے اور ان کی خدمات کی اعتراف کے طور پر اپنی جیب سے 50 ہزار روپے کا چیک دینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر اراکین اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی اور قربان علی کے علاوہ حلقہ پی کے 35 صوابی سے عوامی جمہوری اتحاد کے سابق امیدوار فضل احد باچا ‘عابد صدر پی ٹی آئی بام خیل‘ گل خان‘ اقبال‘ ملک شیر نواب‘ عباس خان‘ گلاب خان‘ شیر زمان خان اور عظمت خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کا انعقاد سابق ناظم بام خیل احسان الحق‘ وائس چیئرمین پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن مزمل خان اور صدر سوشل ویلفیئر بام خیل افتخار خان نے کیا۔

تقریب سے احسان الحق سابق ناظم بام خیل اور شیرین زادہ خدوخیل پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بام خیل نے بھی خطاب کیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تربیلا صوابی بجلی کی پاٹی پاور ٹرانسمیشن لائین پر کام فائنل ہے اور جلد اس ٹرانسمشن لائین کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ علاقے میں سوئی گیس کی فراہمی کے حوالے سے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اس بارے میں محکمہ گیس حکام سے کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں اور گیس حکام علاقے کو سوئی گیس کی فراہمی پر رضامند ہوگئے ہیں۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ صوابی میں وویمن یونیورسٹی‘ میڈیکل کالج اور تمام سہولتوں سے آراستہ ایک ہسپتال قائم کئے جارہے ہیں جبکہ نئی وکشادہ سڑکوں کا ایک نیٹ ورک قائم کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ہنڈ سے ٹوپی تک نئی سڑک کی تعمیر کا کام بھی بہت جلد شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کیلئے تمامتر جدید سہولتوں سے آراستہ ایک عمارت قائم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کے لئے ایک سو سے زائد ڈاکٹر آئیں گے انہوں نے کہا کہ صوابی میں 120 کنال پر محیط ایک جدید سپورٹس کمپلیکس قائم کیا جائے گا جس میں کرکٹ‘ فٹبال اور والی بال کیلئے علیحدہ علیحدہ گراؤنڈ تعمیر کئے جائیں گے۔سپیکر اسد قیصر نے تعلیم کے فروغ میں پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول بام خیل کی شیرین زادہ خدوخیل کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ اس سے بھی زیادہ محنت سے کام کریں اور اس کو ایک ماڈل سکول بنانے کیلئے اپنی تمام تر کاؤشیں صرف کردیں۔

انہوں نے کہا کہ پرنسپل شیرین زادہ خدوخیل کی خدمات کے سلسلے میں ان کی جانب سے 50 ہزار روپے کا چیک کچھ نہیں انہوں نے کہا کہ سکول پرنسپل مزیدمحنت کریں تو ان کی اور حوصلہ افزائی کی جائے گی اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے پرنسپل شیرین زادہ خدوخیل کو انکی بہترین کارکردگی پر صوبائی اسمبلی کا ایک سونیئر بھی پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے علاقے کی ترقی کیلئے شروع کئے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر سپیکر اسد قیصر کا شکریہ ادا کیا۔