پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جہاں پر آبی ذخائر تعمیر کرنے پر نفرت انگیز بیانات دیئے جاتے ہیں‘ڈیم نہیں بنیں گے تو آنے والے وقتوں میں پاکستان کو مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا قومی اسمبلی میں شائستہ پرویز کے توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب

بدھ 18 مارچ 2015 16:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جہاں پر آبی ذخائر تعمیر کرنے پر نفرت انگیز بیانات دیئے جاتے ہیں، ڈیم نہیں بنیں گے تو آنے والے وقتوں میں پاکستان کو مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں شائستہ پرویز کے ملک میں پانی کی کمی اور خشک سالی کا موجب بننے کا امکان کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ 147میٹرک ایکڑ فٹ پانی ہے، جس میں سے 14 میٹرک فٹ پانی ذخیرہ کر سکتے ہیں، باقی پانی سمندر میں چلا جاتا ہے، آبی ذخائر کی تعمیر انتہائی ضروری ہے، آنے والے وقتوں میں پاکستان کو مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں ڈیم بنائے جائیں تو نفرت انگیز بیانات دیئے جاتے ہیں ، حکومت نے دیامر بھاشا پر پوری توجہ مرکوز رکھی ہے، یہاں منگلہ ریزنگ مکمل ہو چکی ہے اگر اپ سٹیم پر ڈیم نہیں بنیں گے تو منگلہ اور تربیلا میں مٹی آنے کے اندیشے بڑھ جائیں گے،24مارچ کو حکومت واٹر کانفرنس کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں شائستہ پرویز نے کہا کہ آنے والے وقت میں توانائی سے بڑا بحران واٹر بحران ہو سکتا ہے، کالا باغ اتنا متنازعہ ہو گیا کہ اس پر بات بھی نہیں کر سکتے، دیامر بھاشا پر توجہ دی جائے،سید نوید قمر نے کہا کہ خشک سالی اس حد تک نہ بڑھ جائے کہ آبی ذخائر بھی ختم ہو جائیں