گورنر برجیس طاہر کا قراقرم یونیورسٹی کو نظرانداز کرنے پر اظہار برہمی ‘ رپورٹ طلب کرلی

بدھ 18 مارچ 2015 16:44

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان ووفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ قراقرم یونیورسٹی کو پاکستان کی بہترین یونیورسٹی بنایا جائے گا۔ وفاقی حکومت بہت جلد قراقرم یونیورسٹی کے طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کرے گی۔ یونیورسٹی انتظامیہ یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیمی اقدار کو فروغ دینے کے لیے کھیلوں کے معیار کی بہتری کے لیے اقدامات کرے۔

یونیورسٹی میں کھیلوں کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے جی بی کونسل 50لاکھ روپے قراقرم یونیورسٹی کو دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت میں قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان سے ملاقات میں کیا۔ قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے گورنر گلگت بلتستان، جو کہ یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں، سے خصوصی طور پر ملاقات کی اور یونیورسٹی کے مسائل اور جاری سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے گورنر کو بتایا کہ گلگت بلتستان حکومت نے گذشتہ سال یونیورسٹی کو 16ملین روپے گرانٹ دینے کا وعدہ کیا تھا جو کہ اب تک نہیں دی گئی۔ اس پر وفاقی وزیر نے برہمی کا اظہار کیا اور جی بی گورنمنٹ سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔ گورنر نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن بہت جلد لیپ ٹاپ کی میرٹ لسٹیں فائنل کردے گا اور جی بی کے ہونہار طلباء نہ صرف نئی ٹیکنالوجی بلکہ موجودہ حکومت کے تعلیمی وژن سے بہت جلد استفادہ حاصل کرکے خطے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری ترجیح تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے علاوہ خطے کے طلباء کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری بہت جلد اس سلسلے میں اہم کردار اداکرے گی۔ گورنر کی ہدایت کے مطابق گلگت بلتستان کونسل حالیہ برس 20لاکھ جب کہ آئندہ برس 30لاکھ کی گرانٹ یونیورسٹی کو دے گی۔

متعلقہ عنوان :