ہنزہ، نگر علیحدہ اضلاع؛ اسمبلی میں اضافی نشست ‘ عوام کی فلاح کے لیے اقدامات کریں گے ‘

بدھ 18 مارچ 2015 16:43

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان ووفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ عوام کی فلاح اور بہبود جمہوری اداروں کی روح ہے۔ گورنر گلگت بلتستان کا دفتر عوام کی فلاح کے لیے مثالی کردار ادا کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی وزیر بیگ سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

سپیکر نے گورنر گلگت بلتستان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور گلگت بلتستان کے عوام اور خصوصاً نگر اور ہنزہ کے باسیوں کو درپیش مسائل سے گورنر کو آگاہ کیا۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی نے گونر کی جی بی کے لوگوں کی بہتری میں دلچسپی لینے پر تعریف کی۔ انہوں نے گورنر سے درخواست کی کہ ہنزہ اور نگر کے علاقوں کو انتظامی امور میں درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے علیحٰدہ اضلاع میں تقسیم کردیا جائے۔

انہوں نے ہنزہ کے لیے قانون ساز اسمبلی میں ایک اضافی نشست کی بھی درخواست کی۔ اس پر گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ جی بی کے لوگوں کی بہتری اور ترقی ان کا خاص مشن ہے اور یہ کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر وہ اقدام اٹھائیں گے جو ان کے لیے بہتر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :