جماعت اسلامی فیصل آباد کاضلع بھرمیں پولیس کی ملی بھگت سے کھلنے والے منشیات،جوئے اور بدکاری کے اڈوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پرگہری تشویش کااظہار

بدھ 18 مارچ 2015 14:59

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) ضلع بھرمیں پولیس کی ملی بھگت سے کھلنے والے منشیات،جوئے اور بدکاری کے اڈوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پرگہری تشویش کااظہارکرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ ان اڈوں کی وجہ سے نوجوان نسل بے راہ روی اور اخلاقی پستیوں کاشکار ہو رہی ہے ۔ منشیات کی لعنت نے نوجوان نسل وبے کارکردیا ہے۔

منشیات کا سارا دھندہ انتظامیہ کی ناک کے نیچے ہوتا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ فوری طور پرایک بڑاآپریشن کرکے ان اڈوں کوختم کروایا جائے اورمحکمہ میں چھپی ہوئی ان کالی بھیڑوں کی بھی سرکوبی کی جائے جوان اڈوں کی سرپرستی کررہے ہیں، اگر جماعت اسلامی کے کارکن ان اڈوں کو ختم کرنے کے خود میدان میں آگئے تو کسی بھی ناخوشگوار صورت حال اور امن و امان کی تمام ترذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی احتجاج کے باوجود پولیس خاموش تماشائی کا کردار اداکررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چند ٹکوں کی خاطر معاشرے اور انتظامیہ میں موجود کالی بھیڑیں نوجوان نسل کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں جن کی سرکوبی کرنے کی ضرورت ہے۔ منشیات کے خاتمے کے لئے بنائی گئی انسداد منشیات فورس کا بھی کہیں کوئی کردار نظرنہیں آ رہا ،پرچی مافیاکی وجہ سے لوگ کنگال ہوررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہربھرمیں نشئی سارا دن نشہ کی حالت میں سٹرکوں کے کنارے پڑے رہتے ہیں اورایک دوسرے کونشہ آور انجکشن لگاتے نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے ہیپاٹائٹس اوردیگر بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کے پوش علاقوں میں میڈیکل سٹوروں پر نشہ آور انجکشن اور ادویات سرعام فروخت ہورہی ہیں مگرمقامی انتظامیہ نے چپ سادھ رکھی ہے۔انہوں نے کہاکہ منشیات ،جوئے اور بدکاری کے اڈوں کی وجہ سے شہری شریف شدیدپریشانی کاشکارہورہے ہیں۔