وفاقی دارالحکومت میں 23 مارچ کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات

بدھ 18 مارچ 2015 13:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 23 مارچ کے لئے سخت سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں جیمبرز لگائے جانے کے باعث موبائل استعمال کرنے والے شہری مشکلات سے دوچار ہو گئے ۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت میں یوم پاکستان منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اس سلسلے میں جڑواں شہروں خصوصاً وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کر دیئے گئے ہیں پولیس حکام کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پنجاب پولیس کے ایک ہزار اہلکار ، اے جے کے سے پانچ سو ، ایف سی سے پانچ اور گلگت بلتستان سے پچاس سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے جار ہے ہیں ۔

23 مارچ کو 2 ہزار کے قریب پولیس اہلکار پریڈ سے قبل اور بعد پاک فوج کی معاونت کریں گے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی اداروں کی جانب سے پریڈ ایونیو آپریشن کے ارد گرد جیمبرز لگانے کے باعث شہریوں کو موبائل استعمال کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کا جیمبرز لگانے کا مقصد 23 مارچ کو دہشت گردوں کو موبائل کی سہولت سے محروم کرنا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 23 مارچ کو بعض مخصوص ٹاورز کی سیلولر سروس بھی معطل کر دی جائے گی ۔