انڈرانوائسنگ کی روک تھام،پاکستان اورچین آن لائن ڈیٹا لنک قائم کریں گے

بدھ 18 مارچ 2015 12:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) پاکستان اور چین انڈرانوائسنگ کی روک تھام کے لیے درآمدات وبرآمدات کے ڈیٹا کی چیکنگ اورسرٹیفکیٹ آف اوریجن کی تصدیق کے لیے الیکٹرانک ڈیٹا انٹر چینج فیس لنک قائم کرنے پر متفق ہوگئے جس کے لیے مذاکرات کا پہلا دور کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر افسر نے بتایا کہ الیکٹرانک ڈیٹا انٹر چینج فیس لنک قائم کرنے کے حوالے سے مذاکرات کا اگلا دور پاکستان میں منعقد ہوگا جبکہ پہلا دور چین میں ہوا جس میں پاکستانی ٹیم کی قیادت پروجیکٹ ڈائریکٹر عبدالماجد یوسفانی نے کی۔

ذرائع نے بتایا کہ چینی کسٹمز اتھارٹیز نے پاکستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے تحت فضائی و زمینی راستے سے درآمدات و برآمدات کے بارے میں ڈیٹا شیئرنگ اور سرٹیفکیٹ آف اوریجن کی تصدیق کے لیے الیکٹرانک ڈیٹا انٹر چینج فیس لنک قائم کرنے پر اصولی اتفاق کرلیا ہے، البتہ اب طریقہ کار طے کیا جائے گا جس کے لیے چینی کسٹمز اتھارٹیز کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

(جاری ہے)

ایف بی آرکے سینئر افسر نے بتایا کہ چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ فیز ٹو پر بھی بات چیت جاری ہے اور ای ڈی آئی فیس لنک قائم کرنے کا معاملہ بھی ایف ٹی اے کے اسی مرحلے کا حصہ ہے کیونکہ موجودہ حکومت آٓزادتجارتی معاہدے کے صاف و شفاف استعمال کو یقینی بنانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے تاکہ دوست ممالک کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں پر انکی اصل روح کے مطابق عملدرآمد ہوسکے اورغلط استعمال اور ڈیوٹی و ٹیکس چوری کو روکا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ چین سے درآمدات میں 2ارب ڈالر کی اسمگلنگ اور انڈر انوائسنگ کا انکشاف ہوا تھا جس کے لیے پاکستان تحقیقات کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :