سانحہ یوحنا آباد ، بدترین تشدد کے بعد جلائے گئے محمد نعیم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ،ہر داڑھی والا دہشت گرد نہیں ہوتا ،وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ انصاف دلوائیں ‘ محمد نعیم کے والد اور ماں کی گفتگو

منگل 17 مارچ 2015 23:17

سانحہ یوحنا آباد ، بدترین تشدد کے بعد جلائے گئے محمد نعیم کی نماز جنازہ ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2015ء) سانحہ یوحنا آباد کے بعد مشتعل مظاہرین کی طرف سے دہشتگردوں کا ساتھی قرار دے کر جلائے جانے والے حافظ محمد نعیم کی نماز جنازہ للیانی میں شہدا کے قبرستان میں ادا کی گئی۔ جس میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء رانامبشر اقبال ،ڈی سی او قصور ،ڈی پی او قصور ،ناصر میو ،صغیر فہد ،سید ندیم شاہ سمیت دیگر مسلم لیگی کارکنوں سمیت سینکڑوں لوگوں نے نمازجنازہ میں شرکت کی ۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز یوحنا آباد میں گرجا گھروں کے باہر دھماکوں کے بعد مشتعل مظاہرین نے جائے وقوعہ سے دہشت گردوں کے ساتھی قرار دیکر دو مشتبہ افراد کو بدترین تشدد کے بعد جلا دیا گیا تھا ۔ گزشتہ روز جلائے گئے ایک شخص کی شناخت محمد نعیم کے نام سے ہوئی جو کے قصور کا رہائشی تھا اور شیشے کا کارروبار کرتا تھا ۔

(جاری ہے)

جس کے بعد پولیس نے محمد نعیم کے قتل کا مقدمہ بھی درج کر لیا ہے ۔

گزشتہ روز جنرل ہسپتال میں محمد نعیم کا پوسٹمارٹم مکمل کر لیا گیا جس کے بعد مرحوم میت کو وہاں موجود اس کے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔بعد ازاں گزشتہ روز نماز عشاء کے بعد مرحوم کو سینکڑوں سوگ واروں کی موجودگی میں للیانی شہداء کے قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ۔ اس موقع پر محمد نعیم کے والد شفیع محمد اور اس کی والدہ کہنا تھا کہ ہر داڑھی والا دہشت گرد نہیں ہوتا ،ان کا بیٹا نمازی اور پرہیز گار تھا وہ کبھی ممنوعہ سرگرمی میں ملوث نہیں ہوا۔

انہوں نے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بیٹے کو جلانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء رانا مبشر اقبال نے حافظ نعیم کے والد سے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ اس المناک واقعہ میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزادی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ یوحنا آباد میں زندہ جلائے جانے والے افراد کے قاتل جلد قانون کے کٹہرے میں ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :