الطاف حسین کے خلاف درج مقدمے کا قانونی دفاع کیا جائے گا، رابطہ کمیٹی کا اعلان، ایم کیوایم کے آئینی وقانونی ماہرین مقدمے کا تمام پہلووٴں سے تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں اس کے بعد ہی قانونی حکمت عملی اختیار کی جائے گی، الطاف حسین کے خلاف مقدمے میں لگائے گئے الزامات حقائق کی نفی کرتے ہیں

منگل 17 مارچ 2015 21:29

الطاف حسین کے خلاف درج مقدمے کا قانونی دفاع کیا جائے گا، رابطہ کمیٹی ..

لندن /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے الطاف حسین کے خلاف ترجمان رینجرز کی جانب درج کرائے گئے مقدمے کا قانونی دفاع کرنے کا اعلان کردیا۔منگل کو رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم کیوایم کے آئینی وقانونی ماہرین الطاف حسین کے خلاف مقدمے کا تمام پہلووٴں سے تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں اور اس کے بعد ہی قانونی حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف مقدمے میں لگائے گئے الزامات حقائق کی نفی کرتے ہیں، الطاف حسین نے ماضی میں بھی اس طرح کے بے شمار مقدمات کا سامنا کیا اور ہم اب بھی آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا قانونی دفاع کریں گے۔رابطہ کمیٹی نے کارکنان و عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں، ایم کیوایم امن پسند،لبرل اور جمہوریت پسند جماعت ہے اور وہ الطاف حسین کی پرعزم قیادت میں اپنی قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔