پیپلزپارٹی کا ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شامل کرنے کا فیصلہ، وزیر اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں کمیٹی مذاکرات کریگی،آصف زرداری اراکین صوبائی اسمبلی سے ظہرانے کے موقع پر ایم کیو ایم سے اتحاد بارے مشاورت کی ،متعد دارکان کی مخالفت ، بعض کی خاموشی ، ایم کیو ایم سے کیاگیا وعدہ پورا کرینگے، مشکل وقت میں اسے تنہا نہیں چھوڑ سکتے، متحدہ کو حکومت میں شامل کیا جائے گا ، ہارس ٹریڈنگ کا شور مچانے والے اس کاخود سبب بنے، کارکن بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں ،پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کا مشاورتی اجلاس سے خطاب

منگل 17 مارچ 2015 20:44

پیپلزپارٹی کا ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شامل کرنے کا فیصلہ، وزیر ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2015ء) پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ،وزیر اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں کمیٹی ایم کیو ایم سے مذاکرات کرے گی،پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ ایم کیو ایم کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، سینیٹ الیکشن میں کیا وعدہ پورا کریں گے۔ منگل کوپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے بلاول ہاؤس میں اراکین سندھ اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، شرجیل میمن، منظور وسان سمیت دیگر شریک ہوئے ۔

اس دوران سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے مشاورت کی۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق سابق صدر نے اراکین سے ایم کیو ایم کی حکومت میں شمولیت پر رائے طلب کرتے ہوئے کہا کہ کیاایم کیو ایم سے اتحاد کرلیا جائے، سابق صدر آصف زرداری نے براہ راست نادر مگسی سے رائے مانگی، جس پر انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر ایم کیو ایم کو پسند نہیں کرتا، تاہم پسند نہ پسند اپنی جگہ متحدہ کو حکومت میں شامل کرنا سیاسی طور پر بہتر فیصلہ ہے، بعد ازاں سابق صدر نے خاتون رکن کلثوم چانڈیو سے بھی رائے طلب کی، انہوں نے بھی تائید کی، سابق صدر نے تین دفعہ اراکین سے رائے طلب کرتے ہوئے کہا کہ جس کے پاس کوئی مختلف رائے ہے،کھل کر کہے، تاہم نادر مگسی اور کلثوم چانڈیو کے بعد دیگر اراکین خاموش رہے۔

(جاری ہے)

اراکین سے مختصر خطاب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ایم کیو ایم سے جو وعدہ کیا تھا، اسے پورا کریں گے، ہم دغا باز نہیں، مشکل وقت میں ایم کیو ایم کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتے، ایم کیو ایم سے کہا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے بعد مل کر چلیں گے، متحدہ نے سینیٹ انتخابات میں بھرپور ساتھ دیا، اراکین کی رائے سامنے آ گئی، فیصلہ ہو گیا، متحدہ کو حکومت میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے علاوہ ہر صوبے میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی، سندھ میں شفاف اور غیر جانبدار انتخاب ہوئے، جن لوگوں نے ہارس ٹریڈنگ کا شور مچایا وہی اس کا سبب بنے، بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کی جائیں، نوجوان قیادت کو بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹ دیں گے، کراچی سے کشمور تک بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں کمیٹی ایم کیو ایم سے مذاکرات کرے گی۔