رینجرز اہلکار وں کو قتل کی دھمکیاں دینا الطاف حسین کو مہنگا پڑ گیا،رینجرز کے کرنل طاہر نے سول لائنز تھانے میں متحدہ کے قائد کیخلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کروا دیا

منگل 17 مارچ 2015 19:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف ترجمان رینجرز کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

(جاری ہے)

منگل کو ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف مقدمہ ترجمان رینجرز کرنل طاہر کی مدعیت میں سول لائن تھانے میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا جس میں ترجمان رینجرز نے موقف اختیار کیا کہ ایم کیو ایم قائد الطاف حسین نے نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے بعد ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رینجرز کو دھمکیاں دیں اور کہا کہ نائن زیرو پرجن اہلکاروں نے چھاپہ مارا ”اوہتھے وہ ہو جائیں گے“ ۔

رینجرز کی جانب سے دائرمقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ 7، 506 بی کی دفعات سمیت دھمکیاں دینے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر 11 مارچ کو چھاپہ مار کارروائی کے دوران 80 سے زائد افراد کو گرفتار کرتے ہوئے اسلحہ برآمد کیا گیا تھا جس میں ترجمان رینجرز کرنل طاہر دعویٰ کیا تھا کہ برآمد کئے گئے اسلحے میں نیٹو کا اسلحہ بھی شامل تھا۔یاد رہے کہ 1992ء میں بھی الطاف حسین کے خلاف متعدد مقدمات درج کئے گئے تھے اور اب یہ 1992ء کے بعد یہ پہلا مقدمہ ہے۔