Live Updates

پی ٹی آئی نے 2013میں امریکہ سے 2.3ملین یو ایس ڈالر کا فنڈ امریکی شہریوں اور لمیٹڈ کمپنیوں سے حاصل کیا، یہ رقم پارٹی اکاؤنٹ کی بجائے انفرادی اکاؤنٹس میں رکھی گئی ، الیکشن کمیشن کو جمع کرائی اثاثوں میں اس بارے تفصیلات چھپائی گئیں انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے خلاف کاروائی کی جائے، پی ٹی آئی فنڈز بے ضابطگی کیس میں اکبر ایس بابر کے دلائل ، الیکشن کمیشن نے سماعت یکم اپریل تک ملتوی کردی

منگل 17 مارچ 2015 19:11

پی ٹی آئی نے 2013میں امریکہ سے 2.3ملین یو ایس ڈالر کا فنڈ امریکی شہریوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2015ء) الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے سابق رہنمااکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے پارٹی فنڈز میں خرد برد اور غلط استعمال کے کیس میں اپنے دلائل مکمل کر تے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 2013میں امریکہ سے 2.3ملین یو ایس ڈالر کا فنڈ امریکی شہریوں اور لمیٹڈ کمپنیوں سے حاصل کیا، یہ رقم پارٹی اکاؤنٹ کی بجائے انفرادی اکاؤنٹس میں رکھی گئی اور الیکشن کمیشن میں ظاہر کئے گئے اثاثوں میں چھپائی گئی اس لئے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے خلاف کاروائی کی جائے، کیس کی آئندہ سماعت یکم اپریل کو ہو گی۔

منگل کو الیکشن کمیشن میں اکبر ایس بابر کی درخواست کی سماعت چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) سردار رضا خان کی زیر صدارت چاروں ارکان پر مشتمل فل کورٹ نے کی، دوران سماعت اکبر ایس بابر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی امریکہ ،برطانیہ اور یورپ کے دیگر ملکوں سے پارٹی فنڈ اکٹھا کرتی ہے، انتخابی قواعد کے تحت کوئی بھی پارٹی غیر ملکی شہریوں اور لمیٹڈ کمپنیوں سے فنڈز حاصل نہیں کر سکتی لیکن پی ٹی آئی غیر ملکی شہریوں اور لمیٹڈ کمپنیوں سے بھی فنڈز حاصل کرتی ہے جس کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، انہوں نے اس حوالے سے 2013میں پی ٹی آئی کی طرف سے امریکی شہریوں اور لمیٹڈ کمپنیوں سے اکٹھے کئے گئے2.3ملین ڈالر فنڈز کے دستاویزی ثبوت بھی کمیشن کے حوالے کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز پاکستان میں پارٹی کے ضلعی دفاتر قائم کرنے کیلئے جمع کئے گئے تاہم انہیں پارٹی فنڈز کی بجائے انفرادی اکاؤنٹس میں رکھ کر استعمال کیا گیا جبکہ 2013کے پارٹی اثاثوں میں بھی اس رقم کو چھپایا گیا جو کہ انتخابی قوانین اور قواعد کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، کمیشن نے ان کے دلائل سننے کے بعد سماعت یکم اپریل تک ملتوی کر دی، اگلی سماعت پر پی ٹی آئی کے وکیل اکبر ایس بابر کے الزامات کا جواب دیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات