بعض عناصر سازش کے ذریعے تمام مذاہب کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں ‘کامیاب نہیں ہونگے ‘ رمیش کمار

منگل 17 مارچ 2015 17:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء)پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ بعض عناصر سازش کے ذریعے تمام مذاہب کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں ‘کامیاب نہیں ہونگے ۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 1973 ء کا آئین اصل اسلامی شکل میں ہوتا تو ہمارے حالات یہ نہ ہوتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور واقعہ میں لوگوں کو اپنے جذبات قابو رکھنے چاہئیں تھے لوگوں کو زندہ نہیں جلانا چاہئے تھا ۔ سرکاری املاک کو بھی نقصان نہیں پہنچانا چاہئے میں اس الزام کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد ہوں سب سے پہلے پاکستان اس کے بعد اس کی ذات پات مذہب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی نظر میں عیسائی ، مسلمان ، ہندو سب برابر دہشتگرد صرف پاکستانیوں پر حملہ کرتے ہیں وہ مذہب اور ذات پات کو نہیں دیکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور واقعے سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج خراب ہوا ہے اور غلط پیغام گیا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں پر ظلم کیا جاتا ہے