حکومت عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ترقی اور خوشحالی کے اپنے ایجنڈے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ‘وزیر اعظم

منگل 17 مارچ 2015 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ترقی اور خوشحالی کے اپنے ایجنڈے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ‘ چاہتے ہیں اقلیتیں امن اور ہم آہنگی کے ماحول میں زندگی بسر کریں وہ منگل کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی وزیر صنعت غلام مرتضیٰ جتوئی اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ان سے الگ الگ ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں کے درمیان رابطے میں سہولت کے لئے سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں جس سے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا اس کے علاوہ کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا اور بہتر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ لاہور کے المناک واقعہ اور اس کے بعد مظاہروں اور تشدد کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتوں کو امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقلیتیں ملک کا ایک اہم طبقہ ہیں جنہوں نے ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اقلیتیں امن اور ہم آہنگی کے ماحول میں زندگی بسر کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی گرڈ میں مزید بجلی شامل کرنے اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی حکمت عملی کے تحت توانائی کی کمی پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر صنعت غلام مرتضیٰ جتوئی اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم کو اپنے اپنے علاقوں سے متعلق امور کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقاتوں میں خیبر پختونخوا اور سندھ میں پارٹی سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ غلام مرتضیٰ جتوئی نے وزیراعظم کو اپنی وزارت کے کام اور ملک میں صنعتی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے انجینئر امیر مقام کے ساتھ ملاقات کے دوران بٹل، اوگی اور شانگلہ کو موٹر وے کے ساتھ ملانے کی بھی اصولی منظوری دی۔