وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت تعلیم اور صحت کے شعبے میں کام کر رہی ہے ‘ ایم ڈی بیت المال

منگل 17 مارچ 2015 17:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹربیرسٹر عابد وحید شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت تعلیم اور صحت کے شعبے میں کام کر رہی ہے ‘بیت المال نے کینسر کے 700مریضوں سمیت مختلف امراض میں مبتلا مستحق ہزاروں افراد کو علاج معالجے اور ادویات کے لیے رقوم فراہم کیں ہیں ،بیت المال میں کسی بھی قسم کی امداد کا مکمل کیس موصول ہونے کے بعد 3سے 5ورکنگ ڈیز میں امدادی رقم متعلقہ ہسپتال بھجوا دی جاتی ہے ، فنڈز کے شفاف استعمال کے لیے چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو بھی موثر بنا رہے ہیں ۔

وہ منگل کو بے نظیر بھٹو ہسپتال میں پاکستان بیت المال ،حاجی عبدالوحید شیخ ،ڈاکٹر جمال سمیت دیگر مخیر حضرات اور فارماسوٹیکل کمپنیوں کے اشتراک سے تیار ہونے والے آرتھوپیڈک وارڈ اور بحالی سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر نقیب الرحمان ، چیئر مین بورڈ آف مینجمنٹ الائیڈ ہاسپیٹلز ڈاکٹر محمد اسلم ،پرنسپل الائیڈ ہاسپیٹلز ڈاکٹر محمد عمر ، جنرل (ر)نجم ،ایم ایس بی بی ایچ ڈاکٹر آصف قادر میر ،ہیڈ آف ڈیپارٹمننٹ آرتھوپیڈک ڈاکٹر ریاض احمد شیخ ،ڈاکٹر جمال ناصر ،ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر خالد رندھاوا سمیت الائیڈ ہاسپیٹلز کے سینئر پروفیسرز اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

بے نظیر بھٹو ہسپتال کے شعبہ آرتھوپیڈک کے سربراہ ڈاکٹر ریاض احمد شیخ نے شرکاء کو شعبے کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ راولپنڈی ڈویژن میں بی بی ایچ کا واحد شعبہ ہے جو ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں اور گردونواح سے آنے والے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔دو سال کے دوران اس شعبے او پی ڈی میں سوا لاکھ مریضوں اور ایمرجنسی کے تقریبا 10ہزار افراد کا علاج معالجہ کیا گیا جبکہ 5115مریضوں کے آپریشن کر کے ہڈیا ں جوڑی گئیں ،بحالی مرکز میں 782افراد کو داخل کیا گیا ہے ،اس سینٹر میں راولپنڈی ڈویژن سے ٹراما کے مریضوں کو منتقل کیا جاتا ہے جہاں پر ہماری 25رکنی ٹیم دن رات خدمات فراہم کرتی ہے ،اس شعبہ میں پولی ٹراما کیسز کے مریضوں کی بڑی تعداد آتی ہے اس کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ،بی بی ایچ میں 4آپریٹنگ روم ،10وارڈ ، آئیسولیشن وارڈ ، 7سائیڈ روم ہیں ۔

ایم ڈی پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے ہسپتال میں آرتھوپیڈک وارڈ ،بحالی سینٹر کی تزئین و آرئش اور تینوں ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر ڈاکٹر اسلم،ڈاکٹر عمر اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ جس طرح حکومت عوام کی خدمت کے لی پرعزم ہے اسی طرح یہ لوگ بھی دن رات محنت کر کے مریضوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی سوچ سے باہر نکل کر کر اجتماعی سوچ کے طرف جانا ہوگا ، عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو بہتر کے پیش کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بیت المال کینسر ،مصنوعی اعضاء لگانے ، کڈنی ٹرانسپلانٹ ،ادویات سمیت کسی بھی قسم کی مہلک بیماری کیلئے مستحق افراد کی مالی امداد کر تی ہے ،بیت المال میں ون ونڈو آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے ،اب کوئی بھی اپنی مکمل دستاویزات کے ساتھ ہمارے پاس آئے گا تو اس کو تین سے پانچ ورکنگ ڈیز میں مالی امداد متعلقہ ہسپتالوں پر پہنچائی جارہی ہے ،اس سسٹم کو مزید تیز کیا جائے گا ۔

چیئر مین بورڈ آف مینجمنٹ الائیڈ ہاسپیٹلز ڈاکٹر محمد اسلم نے کہا کہ راولپنڈی کے تینوں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں اور انکے اٹینڈ کو تین وقت کا کھانا فری فراہم کیا جارہا ہے ،بے نظیر بھٹو ہسپتال میں تزئین و آرائش کے لیے حکومت پنجاب سے 25کروڑ کے خصوصی فنڈز حاصل کیے گئے ہیں ،اب لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن کرنا چارہے ہیں۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ہر بندہ اپنی جگہ پر غریبو ں کے لیے کام کرتا رہے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی اور عوام خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہونگے ،انہوں نے کہا کہ ایک سال میں اپنی لیبارٹری میں 53ہزار مریضوں کے فری یا ڈسکاؤنٹ کے ساتھ ٹیسٹ کیے ہیں جن کی مالیت ساڑھے پانچ کروڑ بنتی ہے ۔

پرنسپل الائیڈ ہاسپیٹلز ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ ْچیئر مین بی او ایم کے ذریعے اب تک ہم نے حکومت پنجاب سے صحت کے شعبہ میں مختلف منصوبہ جات کیلئے 700ملین کے فنڈز حاصل کیے ہیں جن کے استعمال کے بعد اب ہسپتالوں کی حالت پہلے سے بہت بہتر ہوگئی ہے اور تینوں ہسپتالوں کے ایمرجنسی شعبہ میں ضرورت کے مطابق بیڈز کا اضافہ کررہے ہیں ،ہولی فیملی ہسپتا ل کی ایمرجنسی میں 30بیڈز کا اضافہ کردیا گیاہے اورسرجیکل ایمرجنسی کو علیحدہ کر دیا گیا ، آئی سی یو میں 20بیڈز کا اضافہ اور اب آرتھوپیڈک وارڈ میں 60بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :