وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں ملازمتوں پر عائد پابندی اٹھا لی گئی

منگل 17 مارچ 2015 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء)وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں ملازمتوں پر عائد پابندی اٹھا لی گئی ہے جس کے بعد نئی بھرتیوں سے یہاں عملے کی تعداد میں کمی پوری ہو جائے گی‘ نفسیاتی اور ڈینگی مریضوں کیلئے الگ وارڈز کی ہدایت کریں گے۔

(جاری ہے)

یہ بات پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے قومی اسمبلی میں بتائی انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پمز‘ نرم اور پولی کلینک کے ہسپتال 1985,1966 اور 1996ء میں قائم کئے گئے مگر اب ان ہسپتالوں پرگردونواح کے علاقوں کا بھی لوڈ بہت زیادہ ہے۔

پولی کلینک توسیع منصوبہ پر پیش رفت جاری ہے۔ اس پر رواں سال کام شروع ہو جائے گا اس ہسپتال کی گنجائش 545 بستروں سے بڑھ کر دو گنا ہو جائے گی۔ حکومت وفاقی ہسپتالوں کی استعداد بڑھانے کے لئے کوشاں ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ڈاکٹروں کی بھرتیوں پر سے پابندی اٹھائی گئی ہے۔ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔