اسلام آباد ہائی کورٹ میں راحیلہ مگسی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ایک روز کے لئے ملتوی

منگل 17 مارچ 2015 14:34

اسلام اباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کی نو منتخب سینیٹر راحیلہ مگسی کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما نرگس فیض ملک کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت ایک روز کے لئے ملتوی کر دی۔ عدالت نے نرگس فیض ملک کے وکیل محمد امجد اقبال قریشی پیش نہ ہو سکے۔ منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کی نو منتخب سینیٹر راحیلہ مگسی کی اسلام آباد کی خواتین کی نشست سے منظور ہونے والے کاغذات نامزدگی و الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

جسٹس اطہر من اللہ‘ جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژنل بنچ میں کیس کی سماعت ہوئی۔ راحیلہ مگسی کے وکیل سید افتخار گیلانی عدالت میں پیش ہوئے انہوں نے عدالت کو بتایا کہ مسلم لیگ ن کی نو منتخب سینیٹر راحیلہ مگسی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر ہو چکا ہے جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی راحیلہ مگسی کی کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کرنے کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان نے 15 پندرہ دنوں میں احکامات جاری کئے تھے۔

(جاری ہے)

راحیلہ مگسی کے وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ مخالف درخواست گزار کے وکیل نے راحیلہ مگسی کے خلاف دائر درخواست واپس لینے کی استدعا کی ہے کیونکہ وہ اپنا آئینی حق الیکشن ٹربیونل میں کسی بھی وقت استعمال کرنا چاہتے۔ جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے راحیلہ مگسی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دیا تھا اس آرڈر کا کیا بنے گا۔

جس پر راحیلہ مگسی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان سے راحیلہ مگسی کو ریلیف مل چکا ہے ۔ کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی سپریم کورٹ کے حکم پر جاری کیا ہے اور عدالت عظمی نے راحیلہ مگسی کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کو پندرہ روز میں نمٹانے کے احکامات بھی جاری کئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مخالف فریق بھی اپنی درخواست کو واپس لینا چاہتا ہے جس پر عدالت نے نرگس فیض ملک کے وکیل کی عدم موجودگی کی وجہ سے کیس کو نمٹانے کے لئے سماعت ایک روز کے لئے ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :