ذکی الرحمان لکھوی ضمانت منسوخی کیس ، اسلام آباد ہائیکورٹ وکیل کو بھارتی کمیشن کی ترجمہ شدہ رپورٹ کی کاپی مہیا کرنے کے احکامات جاری کر دئیے

منگل 17 مارچ 2015 14:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں بمبئی حملہ کیس کے مبینہ ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منسوخی کیس کی سماعت کرتے ہوئے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کے وکیل کو بھارتی کمیشن کی ترجمہ شدہ رپورٹ کی کاپی مہیا کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 25 مارچ تک ملتوی کر دی۔ ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔

منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مبینہ ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے منظور کی گئی درخواست ضمانت منسوخی کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس نور الحق این قریشی‘ جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ذکی الرحمان لکھوی کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔

راجہ رضوان عباسی کی جونیئر کونسل عدالت میں پیش ہوئے۔ ابتدائی سماعت کے دوران ذکی الرحمان لکھوی کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ راجہ رضوان عباسی کے سینئر کونسل جو کہ ذکی الرحمان لکھوی کی جانب سے کیس کی پیروی کر رہے ہیں وہ آج عدالت میں اپنی طبیعت ناسازی کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے لہذا عدالت عالیہ ذکی الرحمان لکھوی کیس کی سماعت ملتوی کرے۔

ذکی الرحمان لکھوی کے وکیل نے عدالت سے کیس کو تقریباً تین ہفتوں تک ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر جسٹس نور الحق این قریشی نے کہا کہ عدالت اس کیس کو مزید ملتوی نہیں کر سکتی۔ ضمانت منسوخی کے لئے درخواست دائر کی گئی ہے لہذا اس کیس کا فیصلہ ہو جانا چاہئے ایف آئی اے کی جانب سے پیش ہونے والے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر نے عدالت کو بتایا کہ ٹرائیل کورٹ میں بھی مخالف وکیل کی جانب سے بھی تاخیری حربے استعمال کئے جاتے رہے ہیں۔

عدالت نے ذکی الرحمان لکھوی کے وکیل کو احکامات جاری کئے کہ آپ بھارتی کمیشن کی ترجمہ شدہ رپورٹ کی کاپی ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر کے حوالے کریں تاکہ کیس کا فیصلہ کیا جا سکے۔ مذکورہ احکامات کے بعد عدالت نے ذکی الرحمان لکھوی ضمانت منسوخی کیس کی سماعت 25 مارچ تک ملتوی کر دی

متعلقہ عنوان :