آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ‘عبد القادر بلوچ

منگل 17 مارچ 2015 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) وفاقی وزیرریاستیں وسرحدی امور عبدالقادر بلوچ نے لاہور میں گرجا گھروں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ‘آپریشنز کے نتیجے میں بے گھر افراد کی واپسی کا عمل جلد شروع کیا جائیگا۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے لاہور میں گرجا گھروں پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ یوحنا آباد کھلی دہشت گردی ہے‘ حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے اور دہشت گردوں کو بھاگنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فاٹا میں آپریشن ضرب عضب اور خیبر ون کے نتیجہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، بہت سے علاقوں سے دہشت گردوں کا قلع قمع کردیا گیا ہے جو علاقے کلیئر کر دیئے گئے ہیں ان علاقوں کے بے گھر افراد کی واپسی کا عمل جلد شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کی واپسی کا عمل ایک سال تک جاری رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں زندہ افراد کو جلانا قابل افسوس واقعہ ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہیگا ۔

متعلقہ عنوان :