وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان (کل) قومی اسمبلی کو سانحہ لاہور پر بریفنگ دینگے،ایوان میں سانحہ یوحنا آباد پر بحث کے دوران فاروق ستار اور محمود خان اچکزئی کے علاوہ دیگرجماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کی عدم موجودگی ، حکومتی و اپوزیشن بنچ خالی ، ارکان اپنی تقریر مکمل کرکے باہر جاتے رہے

پیر 16 مارچ 2015 21:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان (کل)منگل کو ایوان کو سانحہ لاہور پر بریفنگ دیں گے، قومی اسمبلی میں سانحہ یوحنا آباد پر بحث کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار اور محمود خان اچکزئی کے علاوہ کسی جماعت کا پارلیمانی رہنماء موجود نہیں تھا، حکومتی و اپوزیشن بنچیں خالی جبکہ ارکان اپنی تقریر مکمل کرتے باہر جاتے رہے۔

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں جب نکتہ اعتراض پر اتوار کو لاہور میں پیش آنے والے سانحہ یوحنا آباد پر بحث شروع ہوئی تو صرف ایم کیو ایم کے پارلیمانی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے پارلیمانی رہنماء محمود خان اچکزئی موجود تھے جبکہ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سمیت بغیر تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماء ایوان سے غیر موجود تھے، نیز بحث کے دوران حکومتی و اپوزیشن بنچوں پر گنتی کے چند ارکان موجود تھے اور ہر رکن اسمبلی اپنی تقریر ختم کرتے ہی ایوان سے باہر جاتے رہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی سانحہ یوحنا آباد پر قومی اسمبلی میں حکومتی نقطہ نظر پیش کرنا تھا تاہم ایوان میں ارکان کی قلیل تعداد موجود ہونے کی وجہ سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان (کل)منگل کو ایوان کو سانحہ لاہور پر بریفنگ دیں گے۔