سعودی حکومت پاکستانی بھائیوں کی خدمات ہمیشہ جاری رکھے گی ، دونوں ملک محبت ، اخوت اور بھائی چارے کے گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ، سعودی سفیرجاسم الخالدی کی مسلم لیگ (ن) کے رہنما جمال ناصر سے ملاقات میں گفتگو

پیر 16 مارچ 2015 19:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2015ء) سعودی سفیرجاسم الخالدی نے کہاہے کہ سعودی حکومت پاکستانی بھائیوں کی خدمات ہمیشہ جاری رکھے گی ، سعودی عرب پاکستان میں فلاحی خدمات رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکرصرف خدمت انسانیت کے پیش نظر جاری رکھے ہوئے ہے ۔ وہ پیر کو مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور پاکستان گرین ٹاسک فورس کے صدرڈاکٹر جمال ناصر سے سعودی سفارت خانے میں ملاقات کے دورا ن گفتگو کررہے تھے ۔

اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے راہنما شرجیل میربھی ملاقات میں موجود تھے۔ سعودی سفیرنے اس موقع پر مزید کہا کہ پاکستانی عوام کی بھلائی اور بہتری کے لئے خدمات جاری رہیں گی اور اس کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائیگا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ان منصوبوں سے مستفید ہوسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سعودی عرب کیلئے پاکستان کی عوام کے خصوصی جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک محبت ، اخوت اور بھائی چارے کے گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب سے دونوں ملکوں میں گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا اور باہمی و تجارتی معاہدوں سے پاکستان میں اقتصادی ترقی اور عوامی خوشحالی کے منصوبے مکمل ہونگے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے پاکستان میں سعودی سفارت خانے میں سعودی سفیر کی طرف سے فلاحی سرگرمیوں اور سعودی حکومت کی طرف سے شاہ فیصل مسجد کی مرمت وتزئین کے منصوبے میں خصوصی دلچسپی اور فراخدلانہ سعودی امداد کو بھی سراہا۔

انہوں نے شاندار خدمات پر پاکستان کے عوام کی جانب سے سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔شرجیل میر نے کہاکہ سعودی عرب ایک بہترین دوست ہے اوراس نے ہمیشہ دوستی کا حق ادا کیا ہے سعودی حکومت اور عوام کی پاکستان کے لئے لامحدود خدمات ہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور اپنے برادر اسلامی ملک کے ضرورتمند اور مستحق افراد کی ہر طرح مددکی ہے ۔

متعلقہ عنوان :