Live Updates

حکومت نے عمران خان کو انگوٹھوں کے ذریعے ووٹوں کی تصدیق کے معاملے پر چیئرمین نادرا سے ملاقات کی خصوصی اجازت دی، (ن) لیگ ، پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے ارکان کو درخواستوں کے باوجود نادرا حکام سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی، ذرائع

پیر 16 مارچ 2015 17:39

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو حلقہ این اے 122 کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کے معاملے پر نادرا کے چیئرمین سے ملاقات کی حکومت کی طرف سے خصوصی اجازت دی گئی جبکہ مسلم لیگ (ن) ، پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے ایسے ارکان جن کے انتخابی دھاندلی کے کیسز الیکشن ٹربیونل میں زیر سماعت ہیں انہیں درخواستوں کے باوجود نادرا کے حکام سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایسے ارکان اسمبلی جن کے حلقوں میں انتخابی دھاندلی کی تحقیقات الیکشن ٹربیونل کررہے ہیں انہوں نے نادرا کے حکام سے ملاقاتوں کی بہت درخواستیں دی تھیں تاہم وزیر داخلہ نے اس بنیاد پر ان درخواستوں کو مسترد کردیا تھا کہ نادرا ایک قومی ادارہ ہے اور جن ارکان کے حلقوں کے مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں انہیں نادرا کے حکام سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاسکتی تاہم تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جن کی درخواست پر الیکشن ٹربیونل نے انگوٹھوں کی تصدیق کیلئے معاملہ نادرا کو بھجوایا ہے ، عمران خان نے وزارت داخلہ سے تحریری درخواست کی تھی کہ وہ نادرا کے چیئرمین سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس معاملے پر وزیر داخلہ کی صدارت میں ایک اجلاس ہوا جس میں حکام نے کہا کہ عمران خان خود ایک پارٹی کے سربراہ ہیں اور اس مقدمے میں فریق ہیں لہٰذا نادرا کے چیئرمین کو ان سے ملاقات نہیں کرنی چاہیے تاہم وزیر داخلہ نے خصوصی طور پر عمران خان کو نادرا کے چیئرمین سے ملاقات کی اجازت دی تاکہ عمران خان ملاقات کی اجازت نہ ملنے کو ایک سیاسی ایشو نہ بنا سکے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :