تھری جی سروس کے صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ

پیر 16 مارچ 2015 17:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) پاکستان میں موبائل تھری جی صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا جارہاہے۔ ایک کروڑ سے زائد صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق تھری جی سروس کے صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ فروری میں 12لاکھ یوسرز کے اضافے سے تھری جی صارفین کی تعداد ایک کروڑ 3لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بایو میٹرک سسٹم کی لازمی تصدیق اورعام دکانوں پر سمز کی فروخت پر پابندی سے موبائل فون صارفین کی بڑھتی تعداد کی رفتار میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ اس وقت ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد 13کروڑ 66لاکھ ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق 12اپریل کے بعد غیرتصدیق شدہ سمز منسوخ کردی جائیں گی۔ غیرتصدیق شدہ سمز کی منسوخی کے بعد موبائل فون صارفین کی تعداد میں بھی کمی کا امکان ہے۔