قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی ملک سے غداری کے مترادف ہے،فدا حسین کیانی

پیر 16 مارچ 2015 16:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اور سابق پولیٹیکل ایڈوائزر فدا حسین کیانی نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی طرف سے مسلح افواج پاکستان کے خلاف الزام تراشیوں اور بیہودہ زبان استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف اس طرح کی ہرزہ سرائی ملک سے غداری کے مترادف ہے جس کا حکومت اور ذمہ دار اداروں کو سخت نوٹس لینا چاہے۔

اپنے ایک بیان میں فدا کیانی نے کہا کہ کراچی آپریشن ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی مہم کا حصہ ہے ۔ایم کیو ایم کے قائد کبھی فوج کی تعریفیں کرتے ہیں اور مارشل لاء نافذ کرنے کے مطالبے کرتے ہیں جب نائن زیروہ سے دہشت گرد پکڑے جائیں تو وہ افواج پاکستان کے خلاف انتہائی غلیظ اور گندی زبان پر اُتر آتے ہیں جو افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

فدا کیانی نے کہا کہ مسلح افواج محض ایک ادارہ ہی نہیں بلکہ پاکستان کی اصل شناخت اور پہچان ہیں جن کے خلاف اس طرح کی زبان درازی باقابل برداشت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے اندر بد امنی ، دہشت گردی اور افراتفری کی جو لہر ہے اس پر صرف افواج پاکستان ہی قابو پا سکتی ہیں ، اس مرحلہ پر پوری قوم کو یکجان ہو کر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔فدا کیانی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان پر وزیر ادخلہ چوہدری نثار علی خان کے علاوہ کسی سیاسی جماعت اور رہنما کی طرف سے واضح اور دوٹوک ردعمل کا نہ آنا انتہائی افسوسناک امر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کے جوان اپنی نیندوں کو قربان کر کے عوام کی نیندوں کو پُرسکون بناتے ہیں ایک طرف وہ اپنے سے سات گنا بڑی ہندوستانی فوج کی جارحیت کا راستہ روکتے ہیں اور دوسری طرف ملک کے اندرونی دشمن کے خلاف سینہ سپر ہیں ۔قومی سلامتی کے ادارے ملک کی دفاعی اور نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں جن کے ساتھ کامل یکجہتی ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔انہوں نے وفاقی حکومت اور قومی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان بیانات کا سختی سے نوٹس لیں جنکا مقصد قومی سلامتی اداروں کو کمزور کرنا اور ملک کے اندر افراتفری پھیلانا ہے ۔

متعلقہ عنوان :