عمران لفظی شعبدہ بازی سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے‘ننکانہ صاحب ضمنی انتخاب میں کامیابی عوامی اعتماد کا اظہار ہے‘ سیاستدانوں کیلئے سب سے بڑی عدالت عوام کی ہے ‘عوام مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی وژن کی حمایت کرتے ہیں‘تحریک انصاف کی خیبر پختونخواہ میں کارکردگی سب کے سامنے ہے

گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کی صحافیوں سے بات چیت

پیر 16 مارچ 2015 14:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کا احتساب عوام کی عدالت میں ہوتا ہے اور عوام کی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ تحریک انصاف کے دھاندلی کے دعوے کھسیانی بلی کھمبا نوچے سے زیادہ کچھ نہیں۔

حلقہ این اے 137 ننکانہ صاحب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کا ضمنی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ میاں محمد نواز شریف اس وقت بھی اس ملک کے بلا شرکت غیرے مقبول ترین سیاسی لیڈر ہیں۔ پیر کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام لوڈ شیڈنگ، بے روزگاری، غربت اور دہشتگردی کے ہاتھوں پہلے ہی تنگ تھے تو ایسے میں تحریک انصا ف نے ایک اور سیاسی بحران کی بنیاد رکھنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

عمران خان اور ان کی جماعت نوجوان نسل کی ایک ایسے راستے کی جانب رہنمائی کررہے ہیں جو گالی گلوچ اور اخلاقی بے راہ روی کے سوا کچھ نہیں۔ ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کا بھاری اکثریت سے کامیاب ہونا اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کا بری طرح ناکا م ہوجانا اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان کے عوام اب ترقی چاہتے ہیں اور تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کے کھوکھلے دعووں کو سمجھ چکے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ آج کے دور میں کوئی بات چھپی نہیں رہ سکتی۔ پچھلے دو سال میں عمران خان کی خیبر پختونخواہ میں حکومتی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ عمران خان اپنی لفظی شعبدہ بازی سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ انہوں نے حلقہ این اے 137 سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے والی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی امیداوار ڈاکٹر شذرہ منصب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے والد رائے منصب علی خان کی طرح بے باک کردار ادا کرتی رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :