میرپور لوگ ہوشیار باش! مجید کے جھانسے میں نہ آنا آپ کو بڑا نقصان اٹھانا پڑے گا‘راجہ فاروق حیدر خان،

جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری طریقے سے الیکشن میں جانا چاہتے ہیں چیف الیکشن کمشنر ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنائیں

اتوار 15 مارچ 2015 15:25

میرپور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15مارچ ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)آزاد جموں و کشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ میرپور لوگ ہوشیار باش! مجید کے جھانسے میں نہ آنا آپ کو بڑا نقصان اٹھانا پڑے گا اگر کسی نے ووٹ کے صلے میں کوئی ملازمت یا پلاٹ حاصل کیا تو ایک سال رہ رگیا ہے پھر اس پر10کروڑ کا بھی مکان بنا ہوا تو بھی گروا دونگا، جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری طریقے سے الیکشن میں جانا چاہتے ہیں چیف الیکشن کمشنر ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنائیں، ہم نے کسی کی دھونس دھاندلی اور بدمعاشی نہ پہلے کبھی قبول کی ہے نہ اب کریں گے،میرپور اجڑے ہوئے لوگوں کی بستی ہے آپ نے دوبار ملکی سلامتی کیلئے قربانی دی اور ہجر ت کرکے اللہ کے رسول کی سنت پر عمل کیا اور اللہ کے رسول کی سنت پر عمل کرنے والوں کی غیرت کو کوئی خرید نہیں سکتا، اگر کسی مسلم لیگی کارکن نے جلوس میں ہوائی فائرنگ کی تو میں جلوس سے باہر چلا جاؤں گا مسلم لیگ(ن) شریف اور غیور لوگوں کی جماعت ہے، نوجوان اپنے جوش و جذبے پر قابو رکھیں اور اسے مثبت کاموں کیلئے استعمال کریں بلدیاتی انتخابات میں نوجوانوں کو30فیصد نمائندگی دیں گے، میرپور کے عوام مسلم لیگ(ن) کوووٹ دیں تاکہ آپ کے حقوق کا تحفظ اور اس فرسود ہ نظام اور جہالت، کرپشن سے چھٹکارہ ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور F-1رحمانی محلہ،C-3 اور F-4میں مختلف انتخابی میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا۔ انتخابی میٹنگز سے پاکستان مسلم لیگ(ن ) آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر،مسلم لیگی(ن) امیدوار ارشد محمود غازی، سیّد شوکت علی شاہ، چوہدری رخسار احمد، محترمہ نورین عارف، محترمہ ناہید طارق، چوہدری سعید، شجاع حیدر لودھی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی نائب صدر سردار نسیم سرفراز، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات حاجی افتخار خادم، نعمت شہزاد، ڈاکٹر امین چوہدری، زاہد خان، راجہ افتخار، ظہیر بخاری،سہیل ملک، عثمان گیلانی اور دیگر مسلم لیگی کارکنان و عوام علاقہ کی ایک بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ میرپور الیکشن میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے اپنے نظریاتی کارکنوں کے جذبات کو خون کرتے ہوئے اپنی ذاتی لڑائی کو عوامی حقوق کا نام دینے میں مصروف ہیں، پیپلز پارٹی کو امیدوار ہی نہیں ملا اور انہوں نے ایک دوسری جماعت سے امیدوار مستعار لیا اور تحریک انصاف آزاد کشمیر کے لیڈر بھی راجہ مصدق تھے لیکنPTIنے بھی بیرسٹر سلطان محمود کو ٹکٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری مجید اور بیرسٹر سلطان محمود دونوں اپنی اپنی پارٹی کے صدر اور ایک موجودہ اور ایک سابق وزیراعظم ہیں ان کو چاہیے کہ اپنی ذاتی لڑائی کو میرپور کے عوام پر مسلط نہ کریں بلکہ باوقار انداز میں الیکشن میں آئیں اور عوام کے سامنا اپنا منشور پیش کریں کیونکہ کے فیصلے کا حق صرف عوام کو حاصل ہے۔ انہوں نے یوتھ کے نوجوانوں سے کہا کہ25/26مارچ سے آپ پر ایک ثقافتی حملہ ہونے والا ہے ہوشیار رہنا کیونکہ میرپور کا الیکشن تمھاری عزت اور میرپور کے حقوق اور تمھاری ضروریات کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین سے کہا کہ مرد کا بھی ایک ووٹ ہے اور عورت کا بھی اور مسلم لیگ(ن) باوقار انداز میں خواتین کے حقوق کا تحفظ چاہتی ہے اور ہم خواتین کو خودکفیل بناکر ان کی قدر و منزلت میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ آپ کو مساوی بنیادوں پر حقوق حاصل ہوں اور اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیں۔