جمعیت علماء اسلام خداکی زمین پرخداکانظام لاناچاہتی ہے‘مفتی محمد رویس خان،

ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کاحق دیاجائے

اتوار 15 مارچ 2015 15:23

اسلام آباد+مظفرآباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15مارچ ۔2015ء) جمعیت علماء اسلام خداکی زمین پرخداکانظام لاناچاہتی ہے۔ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کاحق دیاجائے۔20مارچ سے 26مارچ تک ہفتہ تحفظ واستحکام پاکستان منایاجائے گا۔ آزادریاست میں بنیادی اہداف پرتوجہ کی ضرورت ہے۔ ان خیالا ت کااظہارآل جموں وکشمیرجمعیت علماء اسلام کے اجلاس منعقدہ راولپنڈی میں کیاگیا۔

اجلاس میں مولانامفتی محمدرویس خان ایوبی (میرپور) کو مزید پانچ سال کے لیے امیر،مولاناقاضی محمودالحسن اشرف (مظفرآباد) کو سیکرٹری جنرل منتخب کیاگیا۔ اجلاس میں جماعتی دستورکی ترامیم اور توثیق کرتے ہوئے اس کی اشاعت کابھی فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں چیئرمین قومی کشمیرکمیٹی مولانافضل الرحمن کی تحریک آزادی کشمیر، پاکستان میں قیام امن واستحکام، نفاذشریعت کی کوششوں کوبھرپور تحسین پیش کرتے ہوئے سینٹ کے حالیہ انتخابات میں منتخب ہونے والے جملہ اراکین بالخصوص ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولاناعبدالغفور حیدری ، درویش جمعیت مولاناعطاء الرحمن کوایوان بالاکارکن منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک صفحہ پر جمع کرنے کو مولانافضل الرحمن کی کاوشوں کاثمر قراردیتے ہوئے انہیں مبارکبادپیش کی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دینی مدارس کو مشکلات سے نکالنے ، لادین عناصر کا مقابلہ کرنے کے لیے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر شیخ الحدیث مولاناسلیم اللہ خان ، ناظم اعلیٰ وفاق المدارس مولاناقاری محمدحنیف جالندھری کی قیادت کو مبارکبادپیش کی گئی ۔اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل ،شریعت کورٹ میں اعلیٰ صلاحیت کے حامل حضرات کی خدمات سے استفادہ کرنے کامطالبہ کیاگیا۔

اجلاس میں مظفرآباد، پونچھ ڈویژن میں ثانوی تعلیمی بورڈ کے قیام کامطالبہ کیاگیا۔ اجلاس میں میرپور کے ضمنی انتخابات میں راجہ فاروق حیدر ، شاہ غلام قادر سے آل جموں وکشمیرجمعیت علماء اسلام کے اتحاد واشتراک کے لیے کیے گئے فیصلہ کی توثیق کرتے ہوئے مستقبل کے تعلقات اور دیگرجماعتوں سے رابطے کے لیے پانچ رکنی کمیٹی کی بھی توثیق کی گئی ۔

اجلاس میں جمعیت کے مرکزی سرپرست مولانامحمدالیاس، مولاناقاضی ریاض نعمانی ،مولاناطیب کشمیری ، مولاناعبدالغفورہری پوری ،پیرحاجی بوستان ،مولانامحمدیوسف، مولاناقاری عبدالمالک توحیدی ،مولاناامین الحق فاروقی کی سرپرستی کی بھی توثیق کی گئی ۔اجلاس میں مولاناعبدالماجدکوقائم مقام ناظم انتخاب مقررکرنے کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں جمعیت کادائرہ کار ریاست کی تمام اکائیوں تک وسیع کرنے کافیصلہ بھی کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :