سابق چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری کا اپنے آبائی گھر سے ملحقہ سرکاری اراضی و گھر کو جانے والی سڑک پر قبضے کا انکشاف

ہفتہ 14 مارچ 2015 23:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) سابق چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری کا اپنے آبائی گھر سے ملحقہ سرکاری اراضی اور گھر کو جانے والی سڑک کو ذاتی ملکیت میں رکھنے کا انکشاف ہوا ہے‘ نیئر بخاری کے دور میں انکے بھائیوں اور قریبی رشتے دار وں کی جانب سے سرکاری اداروں کے سربراہوں کو دباؤ ڈال کر نوکریاں حاصل کرنے اور غیر قانونی کام کروانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل چیئرمین سینٹ کے عہدے سے مدت پوری کرنے کے بعد فارغ ہونے والے سید نیئر حسین بخاری کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ اسلام آباد کے نواحی علاقے ملپور میں واقع نیئر حسین بخاری کے آبائی گھر سے ملحقہ سرکاری اراضی اور ان کے گھر کو جانے والی سڑک کو صرف اپنے ذاتی استعمال میں رکھا ہے یاد رہے کہ نیئر بخاری کے آبائی گھر کو جانے والی سڑک سی ڈی اے کی سرکاری اراضی پر تعمیر کی گئی ہے جو کہ انکے چیئرمین شپ کے دوران سرکاری فنڈ سے تعمیر کی گئی تھی جبکہ دوسری جانب نیئر بخاری کے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے انکے دو بھائیوں اور قریبی عزیزوں نے سرکاری اداروں کے سربراہوں کو دباؤ ڈال کر نہ صرف سینکڑوں نوکریاں حاصل کیں بلکہ دیگر کئی غیر قانونی کام بھی کروائے اسی پر بس نہ کرتے ہوئے سابق چیئرمین سینٹ نے جاتے جاتے نہ صرف سینٹ میں گزٹڈ پوسٹ پر غیر قانونی بھرتیاں کر ڈالیں بلکہ دو درجن سے زائد لگژری گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

(جاری ہے)

آن لائن نے اس حوالے سے موقف جاننے کے لئے متعدد بار نیئر حسین بخاری سے رابطے کی کوشش کی تاہم رابطہ ممکن نہ ہو سکا اگر وہ اس حوالے سے اپنا موقف دینا چاہئیں تو ادارہ بخوشی جاری کرے گا۔