متحدہ قائد کی افواج پاکستان کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال نئی بات نہیں،شمشاد غوری،

سیکیورٹی اداروں کی کاروائیاں سود مند ثابت ہوئیں ،پانچ روز میں ایک بھی ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوئی،وائس چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ

ہفتہ 14 مارچ 2015 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) مہاجرقومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا کہ عمیر صدیقی سمیت گرفتار ٹارگٹ کلرز کے اعترافی بیانات ،نائن زیرو سے ملنے والے خطرناک اسلحہ اور روپوش قاتلوں کی وہاں موجودگی کے بعد اس بات میں کوئی ابہام نہیں رہا کہ کراچی کو تباہ کرنے میں سب سے بڑا ہاتھ مافیا جماعت ہی کا ہے ،الطاف حسین کے بوکھلاہٹ میں دیئے جانے والے بیانات اور بے سروپا دلیلیں انکے کام نہیں آسکتیں بلکہ وہ افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرکے اپنے اور اپنی جماعت کیلئے مزید مشکلات پیدا کررہے ہیں ۔

عارضی بیت الحمزہ سے جاری کردہ بیان میں شمشاد خان غوری نے کہا کہ مہاجر نوجوانوں کو جرائم کیلئے استعمال کرنے کے بعد ان سے لاتعلقی کا اعلان الطاف صاحب کی پرانی عادت ہے ،متحدہ قائد کے اعلان لاتعلقی سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ صرف پیسے بٹورنے کیلئے اور شہر کے وسائل لوٹنے کیلئے کس سفاکیت کے ساتھ ہزاروں بے گناہوں کی جان لی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمین آفاق احمد نے سیکڑوں بار مافیا جماعت کے کرتوتوں کی جانب ارباب اقتدار کی توجہ مبذول کرائی لیکن اس پر توجہ دینے کی بجائے ہمیشہ مافیا جماعت کی ریاستی و سیاسی سرپرستی کی گئی جس کے نتیجے میں آج یہ دن دیکھنا پڑرہا ہے۔

شمشاد خان غوری نے کہا کہ مافیا جماعت کی جانب میڈیا اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز زبان کا استعمال اور بیانات نئی بات نہیں ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاروائیاں قیام امن کیلئے انتہائی سود مند ثابت ہورہی ہیں جسکا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ گذشتہ پانچ روز کے دوران شہر میں ایک بھی ٹارگٹ کلنگ کی واردات نہیں ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی کاروائیاں مکافات عمل ہے ،متحدہ قائد گرفتاریوں اور چھاپوں پر رونا دھونا مچانے سے پہلے ان ہزاروں بے گناہوں کو یاد کریں جو انکی سفاکیت کے بھینٹ چڑھادیئے گئے ،قوم کو انکے رونے دھونے سے زیادہ کراچی کا امن عزیز ہے اور بحالی امن کیلئے سخت ترین فیصلے کھلے دل کے ساتھ قبول کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :